سہیل آفریدی نے ’رہائی تحریک‘ رجسٹریشن کا آغاز کر دیا
ساڑھے 4 کروڑ عوام کا منتخب وزیراعلیٰ ہوں، لیڈرسے ملنے نہیں دیا جارہا راستے بند کئے جائیں تو ہمارے پاس کونسا آپشن پچتا ہے :وزیراعلیٰ پختونخوا
پشاور(دنیا نیوز)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے کہا ہے کہ رہائی تحریک کی رجسٹریشن کا آغاز آج سے ہو گیا۔ پشاور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ ہم نے تمام آئینی و قانونی راستے اپنائے ہیں، میں اس ساڑھے 4 کروڑ عوام کا منتخب وزیراعلیٰ ہوں۔ اس وقت صرف میں واحد وزیراعلیٰ ہوں جو ووٹ کے ذریعے آیا ہوں، میری اپنے لیڈر کے ساتھ ملاقات نہیں کرائی جارہی ،وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ جب آپ کے منتخب وزیراعلیٰ کا پاسپورٹ بلاک کیا جائے اور راستے بند کئے جائیں تو ہمارے پاس کونسا آپشن پچتا ہے ، ایک وزیر اعلیٰ کے لئے اڈیالہ جیل کے دروازے نہیں کھو لے جا رہے ۔سہیل آفریدی نے کہا قومی میڈیا پر ایک وزیراعلیٰ کو کچرا اٹھائے لائیو دکھا یا جاتا ہے ، یہی میڈیا ہمارا کچرا دکھاتا ہے نہ ہی ہماری لاشیں دکھائی جاتی ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ جب ہم پر چوروں اور ڈاکوؤں کو مسلط کیا جاتا ہے تو پھر ہمارے پاس کونسا راستہ بچتا ہے ، میں نے کہا تھا کہ میں احتجاجی سیاست کا چیمپئن ہوں، آج بھی اس بات پر قائم ہوں۔وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا ہمارے پاس غلطی کی گنجائش نہیں، ہم ہر قانونی راستہ اپنائیں گے ، اِس وقت معاملہ الیکشن یا کسی حلقے کا نہیں بلکہ لیڈر کی زندگی اور صحت کا ہے ، سہیل آفریدی کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں ممبر شپ مکمل کرکے تمام ممبر سے اسی جگہ حلف لیا جائے گا، نوجوان آگاہ رہے خیبرپختونخوا سے اسٹیبلشمنٹ ڈیپارٹمنٹ ختم کر دیا ہے ۔