آبنائے ہرمز کشیدگی کے باوجود ایندھن سپلائی بلا تعطل جاری
پورٹ قاسم پرپٹرولیم مصنوعات کے 11،کے پی ٹی پر 9جہازوں کی ہینڈلنگ جہازوں کی بروقت ہینڈلنگ سے ریفائنریز کو خام مال کی فراہمی برقرار ،ترجمان
کراچی (رپورٹ:محمد حمزہ گیلانی)مشرقِ وسطیٰ میں آبنائے ہرمز کے حوالے سے جاری کشیدگی کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات اور ایل پی جی کی سپلائی کامیابی سے بلا تعطل جاری ہے جس سے ملکی توانائی نیٹ ورک مستحکم ہونے کے واضح آثار سامنے آئے ہیں۔پورٹ قاسم اور کراچی پورٹ پر مارچ کے دوران پٹرول، ڈیزل، گیس آئل، ہائی فیول آئل اور ایل پی جی سے بھرے متعدد بحری جہازوں کی کامیاب ہینڈلنگ کی گئی جس سے ملک میں ایندھن کی دستیابی بہتر سطح پر برقرار رہی۔ پورٹ قاسم کے فوجی آئل اینڈ ڈسٹری بیوشن ٹرمینل پر مارچ کے دوران پٹرول و ڈیزل کے 11 جہازوں کو ہینڈل کیا گیا۔
پورٹ قاسم انتظامیہ نے دنیا نیوز کو بتایا کہ ایم ٹی ٹورم ڈیمینی 10 مارچ کو فجیرہ سے 37 ہزار 127 میٹرک ٹن پٹرول لے کر پہنچاجبکہ ایم ٹی نیو ایٹرو پاس 11 مارچ کو سنگاپور سے 53 ہزار 139 میٹرک ٹن پٹرول لایا،اسی طرح ایم ٹی سپرس ٹو سوہار سے 55 ہزار میٹرک ٹن پٹرول لے کر پاکستان پہنچا جبکہ ایم ٹی مرین 15 مارچ کو عمان سے 43 ہزار 930 میٹرک ٹن ہائی اسپیڈ ڈیزل لے کر آیا۔انتظامیہ نے مزید بتایا کہ ایم ٹی سی کلپر 18 مارچ کو فجیرہ سے 34 ہزار میٹرک ٹن پٹرول ڈسچارج کرکے روانہ ہواجبکہ ایم ٹی خیرپور عید کے روز فجیرہ سے 60 ہزار میٹرک ٹن ہائی اسپیڈ ڈیزل لے کر پہنچا۔ مزید برآں ایم ٹی سنی لگر 26 ہزار میٹرک ٹن موگاس لے کر آیاجبکہ سعودی عرب سے ایم ٹی این سی سی ریم نے 22 سے 24 مارچ کے دوران 38 ہزار میٹرک ٹن موگاس ڈسچارج کیا۔ایم ٹی ویگو عمان سے 38 ہزار میٹرک ٹن گیس آئل 26 مارچ کو ڈسچارج کرکے روانہ ہوا جبکہ ایم ٹی ڈیرا گھیر سے 34 ہزار 194 میٹرک ٹن گیس آئل کی ڈسچارج جاری ہے ۔ اسی دوران ایم ٹی وینا ووڈ 57 ہزار میٹرک ٹن ہائی فیول اسٹاک آئل کی لوڈنگ کیلئے ٹرمینل پر موجود ہے ۔اسکے علاوہ ایل پی جی سیکٹر میں بھی نمایاں سرگرمی دیکھنے میں آئی جہاں سوئی سدرن اور اینگرو وپاک ٹرمینلز پر گیس سے بھرے 6 جہازوں کی ہینڈلنگ کی گئی۔
نیوی گیٹر ایٹلانٹک عمان سے 12 ہزار 24 کیوبک میٹر ایل پی جی لے کر اینگرو وپاک ٹرمینل پہنچا جبکہ الس والٹر جہاز عراق سے 3 ہزار 530 کیوبک میٹر ایل پی جی لایا،اسی طرح وینس 9 بحری جہاز 16 مارچ کو عمان سے 3 ہزار 267 کیوبک میٹر ایل پی جی لے کر پہنچا جبکہ نیوی گیٹر ایریز 26 مارچ کو عراق سے 11 ہزار 136 میٹرک ٹن ایل پی جی سوئی سدرن گیس ٹرمینل پر لایا۔ پی جی سی پیری کلا بحری جہاز 27 مارچ کو عمان سے 3 ہزار 800 میٹرک ٹن ایل پی جی لے کر اینگرو ٹرمینل پہنچا۔دوسری جانب کراچی پورٹ پر یکم مارچ سے اب تک خام تیل اور پٹرول کے 9 جہازوں کی ہینڈلنگ کی جاچکی ہے جن میں 7 خام تیل اور 2 پٹرول کے جہاز شامل ہیں۔ ترجمان کے مطابق ان جہازوں کی بروقت ہینڈلنگ سے ریفائنری سیکٹر کو خام مال کی فراہمی برقرار رہی ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر غیر یقینی صورتحال کے باوجود پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی مسلسل آمد سے نہ صرف سپلائی چین مستحکم ہوئی ہے بلکہ آئندہ ہفتوں میں مارکیٹ میں قلت کے خدشات بھی کم ہوگئے ہیں۔ مارچ کے دوران پٹرول، ڈیزل اور ایل پی جی کی بڑی کھیپ کی آمد ملکی توانائی سلامتی کیلئے مثبت پیش رفت قرار دی جا رہی ہے ۔