گلگت بلتستان،پختونخوا اور سندھ میں زلزلے کے جھٹکے
پشاور، گلگت،شہداد کوٹ (این این آئی)گلگت بلتستان ، خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں 5اعشاریہ3 جبکہ سندھ کے مختلف شہروں میں 5 اعشاریہ 1 شدت کے زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔
جس کے باعث لوگ کلمہ طیبہ اور درود شریف کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے ۔محکمہ موسمیات پاکستان کے مطابق زلزلے کے جھٹکے گلگت، سکردو، پتن، بالاکوٹ اور قرب و جوار میں محسوس کئے گئے ، ان کی شدت 5اعشاریہ3 جبکہ زیر زمین گہرائی 12 کلو میٹر ریکارڈ کی گئی۔زلزلے کا مرکز شمال مغربی کشمیر، گلگت بلتستان سے 84 کلومیٹر شمال مشرق میں تھا۔ادھر سندھ کے شہر شہداد کوٹ اور اطراف میں 5 اعشاریہ 1 شدت کا زلزلہ دوپہر 12 بجکر 36 منٹ پر محسوس کیا گیا جس کی گہرائی 14 کلومیٹر تھی اور اس کا مرکز شہداد کوٹ شہر سے تقریباً 74 کلومیٹر شمال مغرب میں تھا، تاہم آخری اطلاعات تک زلزلے کے باعث کسی جانی و مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔