پاکستان کی شیعہ برادری سے متعلق بھارتی وزارتِ خارجہ کا بیان گمراہ کن :دفتر خارجہ
اسلام آباد(وقائع نگار)ترجمان دفترِ خارجہ طاہر اندرابی نے بھارتی وزارتِ خارجہ کی جانب سے پاکستان کی شیعہ برادری سے متعلق د ئیے گئے بیان کو مسترد کرتے ہوئے اسے گمراہ کن اور اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش قرار دیا۔
ترجمان کے مطابق بھارت کے یہ ریمارکس محض ایک سیاسی چال ہیں، جو اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے فکر مندی کا لبادہ اوڑھے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارت اپنے ملک میں مسلمانوں، عیسائیوں اور دیگر اقلیتی برادریوں کے خلاف بڑ ھتے امتیازی سلوک اور تشدد کی تاریخ کو چھپا نہیں سکتا ۔ترجمان نے مزید کہا کہ مسلمانوں کے خلاف تشدد کے واقعات قابلِ مذمت ہیں یہ ایسے ماحول کی نشاندہی کرتے ہیں جہاں بے قابو درندگی کو تقویت مل رہی ہے ، دفترِ خارجہ نے بھارت پر زور دیا کہ وہ اپنے اندرونی معاملات میں موجود ان سنگین اور مستند مسائل کو حل کرے ، اپنی آئینی اور بین الاقوامی ذمہ داریوں کے مطابق مسلمانوں، عیسائیوں اور دیگر برادریوں کے تحفظ کو یقینی بنائے اور دوسروں کے بارے میں بے بنیاد اور سیاسی مقاصد پر مبنی بیانات دینے سے گریز کرے۔