وزیر داخلہ کا سرکاری اداروں میں کرپشن کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

 وزیر داخلہ کا سرکاری اداروں میں کرپشن کیخلاف کریک ڈاؤن کا حکم

ہیڈ کوارٹرز کا دورہ، ڈی جی کی بریفنگ، انفراسٹرکچر پراجیکٹ جلد مکمل کر نیکی ہدایت جرائم کے خلاف ایف آئی اے کو ہراول دستے کے طور پر منظم کیا جائے گا ، محسن نقوی

 اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کو سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن کا حکم دیدیا۔ وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا اور انفراسٹرکچر بہتری پراجیکٹ کا معائنہ اور پیش رفت کا جائزہ لیا، وزیر داخلہ نے جاری تعمیراتی سرگرمیوں کو جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ محسن نقوی نے کہا کہ وزیراعظم کے ویژن کے مطابق سرکاری اداروں میں کرپشن کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اختیار کی جائے، ایف آئی اے میں اصلاحات کا عمل اسی سال دسمبر تک مکمل کیا جائے گا۔

بیرون ممالک ملازمت کے تمام اشتہارات کی آن لائن نگرانی کی جائے اور گمراہ کن اشتہارات کے متعلق عوامی آگاہی کو یقینی بنایا جائے ۔وزیر داخلہ نے ایف آئی اے کو ہر سطح پر مکمل معاونت کی یقین دہانی کرائی ۔ڈی جی ایف آئی اے ڈاکٹر عثمان انور نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ انسانی سمگلنگ میں ملوث افراد اور ان کے سہولت کاروں کا جامع ڈیٹا مرتب کیا جا رہا ہے ، محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے کو ہر قسم کے منظم جرائم کے خلاف ہراول دستے کے طور پر منظم کیا جائے اور ادارے کو ہر سطح پر مکمل سپورٹ فراہم کی جائے گی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں