پولیس مقابلہ:2ڈاکو بھائی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک،2فرار
دونوں ملزم سنگین وارداتوں میں ملوث تھے ،چھینی گئی موٹر سائیکل اور اسلحہ برآمد مرنیوالوں میں آصف عرف آسوگرواہ ،وقاص گرواہ شامل،لاشیں ہسپتال منتقل
وہاڑی(نمائندہ خصوصی)سی سی ڈی وہاڑی اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ، لاہور، وہاڑی سمیت پنجاب کے متعدد اضلاع کی پولیس کو مطلوب دو ڈاکو بھائی اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے مارے گئے ۔تفصیل کے مطابق 16 ڈبلیو بی کے قریب سی سی ڈی پولیس اور ڈاکوؤں کے درمیان مبینہ پولیس مقابلہ ہوا، فائرنگ کے تبادلے میں دو ڈاکو بھائی آصف عرف آسوگرواہ اوروقاص گرواہ اپنے ہی مبینہ ساتھیوں کے ہاتھوں ہلاک ہوگئے جبکہ دو ڈاکو فرار ہوگئے ۔پاکپتن کینال روڈ پر سی سی ڈی نے دو موٹرسائیکلوں پرسوار چارافراد کو روکنے کی کوشش کی لیکن موٹرسائیکل سواروں نے پولیس پر فائرنگ کردی،جوابی کارروائی کے دوران دوڈاکو اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگئے جن کی شناخت بھائیوں آصف عرف آسوگرواہ اور وقاص گرواہ سکنہ 16 ڈبلیو بی کے ناموں سے ہوئی ہے جبکہ دو ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب گئے ۔ واضح رہے کہ کچھ عرصہ قبل لاہور پولیس کے گرفتاری کیلئے چھاپے کے دوران بھی مذکورہ دونوں نے پولیس پر فائرنگ کردی تھی جس سے ایک اہلکار زخمی ہوگیا تھا ۔دونوں ملزم ڈکیتی، راہزنی سمیت سنگین جرائم میں ملوث اور مختلف علاقوں میں خوف کی علامت تھے ۔ڈاکوؤں کے قبضہ سے اسلحہ اور چھینی ہوئی موٹرسائیکل برآمد ہوئی ہے ۔پولیس نے دونوں لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کردیں جبکہ فرار ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے کارروائیاں جاری ہیں۔