حکومت بھی چاہتی ہے کوئی درمیانی راستہ نکلے :ناصرعباس

حکومت بھی چاہتی ہے کوئی درمیانی راستہ نکلے :ناصرعباس

اچکزئی نے حکومتی وفد کو آئینی بالادستی اور شفاف انتخابات سے متعلق پیغا م دیا وزیراعظم کی اپوزیشن لیڈر سے ملاقات پرپیشرفت نہ ہو سکی :اپوزیشن لیڈر سینیٹ

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)تحریک تحفظ آئین پاکستان نے حکومت سے آئینی بالادستی کیلئے مذاکرات اور قومی حکومت کی تشکیل کا مطالبہ کر دیا۔اپوزیشن لیڈر سینیٹ علامہ ناصر عباس کا کہنا ہے کہ محمود خان اچکزئی نے تمام جماعتوں کو مل بیٹھ کر اتفاق رائے کا پیغام دیا ہے ۔ پارلیمانی، آئینی بالادستی، شفاف انتخابات سے متعلق ہم نے مذاکرات کا پیغام بھجوایا، اپوزیشن چیمبر میں محمود خان اچکزئی نے حکومتی وفد کو بہتر راستہ نکالنے کا کہا، حکومتی نمائندے بھی چاہتے ہیں کوئی درمیانی راستہ نکلے وہ بات چیت میں سنجیدہ لگے تاہم وزیراعظم کی اپوزیشن لیڈر سے ملاقات کے حوالے سے پیشرفت نہ ہو سکی۔ انہوں نے کہا کہ کل پیر کو اپوزیشن اتحاد تحریک تحفظ آئین پاکستان کا اجلاس طلب کیا ہے ، پیپلز پارٹی، ن لیگ، مولانا فضل الرحمن اور دیگر جماعتیں آئینی بالادستی پر اتفاق کریں۔علامہ ناصر عباس کا کہناتھاکہ ہم نے حکمرانوں سے بات چیت کی، محمود خان اچکزئی نے وزیراعظم کو خط بھی لکھا اورغیرمشروط بات چیت کے آغاز کا کہا لیکن اب تک وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر کی ملاقات نہیں ہوسکی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں