جنگ پھیل رہی ،عالمی معاشی بحران جنم لے سکتا:نجم سیٹھی

جنگ پھیل رہی ،عالمی معاشی بحران جنم لے سکتا:نجم سیٹھی

حزب اللہ، یمنی حوثی اور عراق کے شیعہ گروپس ایران کے ساتھ کھڑے ہوگئے امریکا اسرائیل کی ایران کو کمزور کرنے کی پالیسی ناکام ،آج کی بات نجم سیٹھی کیساتھ

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک)سینئر تجزیہ کار نجم سیٹھی نے کہا ہے کہ مشرقِ وسطیٰ میں جنگ کا دائرہ تیزی سے پھیل رہا ہے اور اگر ایران، امریکا اور اسرائیل کے درمیان جلد کوئی سیاسی تصفیہ نہ ہوا تو یہ تنازع ریڈ سی اور آبنائے ہرمز سے آگے بڑھ کر عالمی معاشی بحران کو جنم دے سکتا ہے ۔دنیانیوزکے پروگرام’’آج کی بات سیٹھی کے ساتھ ‘‘میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجتبیٰ خامنہ ای کے حالیہ بیان کے بعد ایران کے اتحادی متحرک ہو چکے ہیں، حزب اللہ، حوثی اور عراق کے شیعہ گروپس نے ایران کے ساتھ کھڑے ہونے کا اعلان کیا ہے ۔ حزب اللہ نے لبنان میں  اسرائیلی فوج کی پیش قدمی کو مؤثر انداز میں روکا اور تل ابیب و حیفہ پر ڈرون اور راکٹ حملے بھی کئے۔

اسرائیل کا اندازہ تھا کہ حزب اللہ بھرپور مزاحمت نہیں کرے گی جو غلط ثابت ہوا۔حوثیوں نے بھی مزاحمت کا اعلان کیاہے ، اگر ریڈ سی میں بھی حوثیوں کا کنٹرول بڑھ گیا اور آبنائے ہرمز کے ساتھ وہاں سے بھی تیل کی ترسیل متاثر ہوئی تو دنیا کو شدید توانائی بحران کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے ۔نجم سیٹھی کا کہناتھاکہ عراق کے شیعہ گروپس کی حمایت کے بعد ایران کو تین اطراف سے تقویت ملی ، جس سے امریکا اور اسرائیل کی ایران کو کمزور کرنے کی حکمت عملی ناکام دکھائی دے رہی ہے ۔نجم سیٹھی نے خبردار کیا کہ اگر جنگ طول پکڑتی ہے تو امریکا میں مہنگائی بڑھے گی، گیس اور تیل کی قیمتیں اوپر جائیں گی جبکہ سٹاک مارکیٹ بھی شدید دباؤ میں آ سکتی ہے جو ڈونلڈ ٹرمپ کیلئے سیاسی طور پر نقصان دہ ہوگا۔ ایران اب آبنائے ہرمز کی سٹریٹجک اہمیت کو مکمل طور پر سمجھ چکا ہے اور کسی صورت اس پر اپنی گرفت کمزور نہیں کرنا چاہتا کیونکہ یہی عالمی تیل کی ترسیل اور پیٹروڈالر نظام کی شہ رگ ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں