پنجاب،کے پی میں بارشیں،3بچوں سمیت7افراد جاں بحق،42زخمی
بادامی باغ میں گھر کی چھت گرنے سے قاسم ،اویس جاں بحق ، صباحت اور پروین زخمی ہو گئیں،ہسپتال منتقل بنوں میں چھت کے ملبے تلے دب کر2بہنیں، ایک بھائی دم توڑ گیا، برآمدہ گرنے سے 2افراد جاں بحق ، 40زخمی
لاہور ،پشاور (کرائم رپورٹر،نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ڈیسک)پنجاب اور کے پی کے مختلف شہروں میں بادل برس پڑے ، لاہور کے مختلف علاقوں میں بادل برسنے سے موسم خوشگوار ہوگیا جبکہ چھتیں گرنے کے واقعات میں 3 بچوں سمیت 7 افراد جاں بحق ہوگئے ۔لاہور کے مختلف علاقوں میں ہفتے کی رات سے وقفے وقفے سے بارش کا سلسلہ جاری رہا، بادامی باغ میں شدید بارش اور تیز ہوا کے باعث ایک خستہ حال مکان کی چھت زمین بوس ہو گئی ،بتایا گیا ہے کہ ظفر پارک سٹریٹ نمبر 11 بادامی باغ میں ٹی آر گارڈر سے بنی گھر کی چھت گرنے سے 2 افراد جاں بحق ہوگئے ،دو خواتین شدید زخمی ہو گئیں، جاں بحق ہونے والوں کی شناخت 25 سالہ قاسم جاوید اور 18 سالہ اویس ولد جاوید ، جبکہ زخمیوں کی 18 سالہ صباحت ولد جاوید اور 45 سالہ پروین زوجہ جاوید کے نام سے ہوئی ہے ،زخمیوں کو فوری طور پر نواز شریف ہسپتال یکی گیٹ منتقل کیا گیا ، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے ،اس کے علاوہ پنجاب کے دیگر شہروں جھنگ، بہاولپور، میانوالی سمیت کئی شہروں میں بادل برسے ، یزمان، چولستان اور دیگر علاقوں میں بھی بارش ہوئی، راولپنڈی، اسلام آباد میں بھی شدید بارش ہوئی، محکمہ موسمیات نے لاہور میں 31 مارچ تک وقفے وقفے سے بارش کی پیشگوئی کی ہے ۔خیبرپختونخوا کے بھی مختلف شہروں میں بارش ہوئی، بنوں میں شدید بارش کے باعث گھر کی چھت گرنے سے 3 بچے جاں بحق جبکہ دو زخمی ہوگئے ، شہری شیر محمد کے پانچ بچے ملبے تلے دبے ، دو بیٹیاں اور بیٹا دم توڑ گیا، ریسکیو آپریشن کے دوران دو زخمی بیٹوں کو زندہ نکال لیا گیا، بنوں کے علاقے غلام قادر میں شہباز عظمت خیل اڈہ کے قریب شدید بارش کے دوران برآمدہ گر گیا جس سے 2افراد جاں بحق اور 40زخمی ہو گئے ،ریسکیو 1122 کے مطابق لوگ بارش سے بچنے کے لیے برآمدے کے نیچے پناہ لیے ہوئے تھے کہ اسی دوران اچانک برآمدہ گر گیا اور درجنوں افراد ملبے تلے دب گئے ، بعض کی حالت تشویشناک ہے ۔ کراچی ،کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں بادل برسنے کا امکان ہے ۔