جلد معاہدہ کرکے ہرمز کو نہ کھولا تو تمام ایرانی پاور پلانٹس تباہ کردینگے : ٹرمپ کی دھمکی : مطالبات حد سے زیادہ اور نامعقول : ایران

جلد معاہدہ کرکے ہرمز کو نہ کھولا تو تمام ایرانی پاور پلانٹس تباہ کردینگے : ٹرمپ کی دھمکی : مطالبات حد سے زیادہ اور نامعقول : ایران

ایران میں رجیم چینج ہو چکا: امریکی صدر، امریکا کی کچھ تجاویز پر اتفاق ہو گیا: ترجمان وائٹ ہاؤس، مذاکرات نہیں، ثالثوں کے ذریعے پیغام رسانی ہوئی: ایرانی وزارت خارجہ تیل کی قیمتوں میں اضافہ، ایران کے اسرائیل پر حملے ، پارلیمنٹ اجلاس موخر، کویت کا پاور پلانٹ تباہ، بھارتی شہری ہلاک، بحریہ کمانڈر علی رضا تنگسیری کی شہادت کی تصدیق

تہران، واشنگٹن (مانیٹرنگ ڈیسک، نیوز ایجنسیاں) امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا ہے کہ ایران سے مذاکرات میں پیشرفت ہو چکی، امکان ہے معاہدہ ہو جائے گا تاہم انہوں نے ایران کو دھمکی دیتے ہوئے کہا اگر جلد معاہدہ کر کے آبنائے ہرمز کو نہ کھولا گیا تو ایران کے پاور پلانٹس اور تیل کے کنویں تباہ کر دیں گے ۔ ایران نے امریکا سے براہ راست مذاکرات کی تردید کرتے ہوئے ثالثوں کے ذریعے پیغام رسانی کی تصدیق کر دی اور کہا ہے کہ جنگ ختم کرنے کے لیے امریکی مطالبات حد سے زیادہ اور نامعقول ہیں۔ ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پیغام اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ایران میں حکومت تبدیل ہو چکی، امریکا نئی اور معقول ایرانی قیادت سے مذاکرات کر رہا ہے، اس لیے میں اسے رجیم چینج سمجھتا ہوں، ایک ہفتے میں واضح ہو جائے گا کہ ایرانی سپیکر تعاون کے لیے تیار ہیں یا نہیں، مجتبیٰ خامنہ ای شدید زخمی ہیں۔

اس کے ساتھ ہی ٹرمپ نے آبنائے ہرمز نہ کھولنے پر دھمکی بھی دے دی اور کہا اگر کسی وجہ سے معاہدے میں تاخیر ہوتی ہے اور آبنائے ہرمز کھولی نہیں جاتی تو ہم ایران میں اپنی موجودگی کا اختتام ان کے برقی توانائی کے تمام پلانٹس، تیل کے کنوؤں اور خارگ آئی لینڈ کو مکمل طور پر تباہ کر کے کریں گے ، ایران سے جاتے جاتے ممکنہ طور پر ایران میں کھارے پانی کو قابل استعمال بنانے والے تمام پلانٹس بھی اڑا دیے جائیں گے ، یہ قدم ان بے شمار فوجیوں اور دیگر افراد کا بدلہ ہو گا جنہیں ایران کی پرانی حکومت کے 47 سال میں قتل کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ایران اپنے جوہری پروگرام سے دستبردار ہو جائے گا اور افزودہ مواد امریکا کے حوالے کرے گا۔ امریکی اخبار کی رپورٹ کے مطابق ٹرمپ نے ایران سے ایک ہزار پاؤنڈ یورینیئم نکالنے کے لیے فوجی آپریشن پر غور شروع کر دیا ہے، یورینیئم نکالنے کا پیچیدہ اور خطرناک مشن امریکی فورسز کو کئی دن ایران کے اندر رکھے گا تاہم امریکی حکام کے مطابق صدر ٹرمپ نے ایران سے یورینیئم نکالنے کا فیصلہ نہیں کیا لیکن یہ آپشن موجود ہے ، ایران یورینیئم نہیں رکھ سکتا۔

ترجمان وائٹ ہاؤس کیرولین لیوٹ نے دعویٰ کیا ہے کہ مذاکرات میں ایران نے امریکا کی کچھ تجاویز پر اتفاق کر لیا ہے ، ٹرمپ 6 اپریل کی ڈیڈ لائن سے قبل معاہدہ کرنا چاہتے ہیں۔ پریس بریفنگ میں انہوں نے کہا کہ ایران جنگ سے متعلق 4 سے 6 ہفتوں کی ٹائم لائن برقرار ہے ، صدر ٹرمپ عرب ممالک سے جنگ اخراجات میں مدد کرنے کے لیے کہہ سکتے ہیں، دورہ چین میں صدر ٹرمپ کے ساتھ کابینہ حکام بھی جا سکتے ہیں۔ اُن کا کہنا تھا کہ امریکا ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز کا ٹول ٹیکس لینے کی حمایت نہیں کرتا۔ ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے اپنے بیان میں کہا کہ امریکا کے ساتھ کوئی براہِ راست بات چیت نہیں ہوئی، پیغامات ثالثوں کے ذریعے پہنچائے گئے ۔ امریکا کی ایران کو جنگ بندی کے لیے بھیجی گئی تجاویز اور مطالبے زیادہ تر غیر حقیقت پسندانہ، نامعقول اور حد سے زیادہ ہیں۔ یوکرین تنازع کو امریکا اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ سے جوڑنا تباہ کن غلط فہمی ہے ۔

اسماعیل بقائی نے کہا کہ ایران اپنے لیے کوئی جوہری ہتھیار تیار نہیں کرنا چاہتا مگر ایٹمی ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے کی ایرانی رکنیت کا ممکنہ خاتمہ زیر غور ہے ۔ خلیج میں جنگ کے باعث خام تیل کی قیمت میں ایک بار پھر اضافہ ہو گیا ہے جس سے ایشیا کی منڈیوں میں منگل کے روز کاروبار کے آغاز پر نمایاں مندی دیکھی گئی۔ برینٹ کروڈ کی قیمت 116 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی، ڈبلیو ٹی آئی بھی 102 ڈالر فی بیرل ہو گیا، یہ صورتحال ٹرمپ کے ایران کا تیل حاصل کرنے کے بیان پر سامنے آئی۔ ایران کی وزارت توانائی کا کہنا تھا کہ ملک کے بجلی کے انفراسٹرکچر پر امریکی اور اسرائیلی حملوں کے باعث تہران اور البرز صوبوں کے بعض حصوں میں بجلی معطل ہو گئی تھی تاہم بیشتر علاقوں میں یہ بحال ہو چکی ہے ۔

عالمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے ) کے مطابق تہران میں میزائل بنانے والی تنصیبات پر بھی حملے کیے گئے ہیں، جس سے خنداب جوہری پلانٹ کو نقصان ہوا ہے تاہم تابکاری کے اخراج کا خطرہ نہیں، ایران کا ہیوی واٹر پلانٹ شدید نقصان کے باعث غیر فعال ہو گیا ہے۔ اسرائیلی فوج نے تہران میں پاسداران انقلاب فورس کے زیر انتظام کام کرنے والی امام حسین یونیورسٹی کو فضائی حملوں سے نشانہ بنایا اور دعویٰ کیا کہ اس ادارے کو جدید ہتھیاروں سے متعلق تحقیق کے لیے استعمال کیا جاتا تھا۔ دوسری طرف اسرائیل کی فائر اینڈ ریسکیو سروس کے مطابق گزشتہ روز بازان آئل ریفائنری پر ایران کا ایک میزائل حملہ روکا گیا لیکن اس کا ملبہ گرنے سے ایک صنعتی عمارت اور ایک فیول ٹینکر متاثر ہوئے ۔ ایران نے تصدیق کی ہے کہ پاسداران انقلاب کی بحریہ کے کمانڈر علی رضا تنگسیری زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے شہید ہو گئے ، وہ اسرائیلی فضائی حملے میں شدید زخمی ہوئے تھے ۔

ایران نے میزائلوں سے اسرائیل کی حیفا آئل ریفائنری کو ایک بار پھر نشانہ بنایا ہے جس سے وہاں آگ بھڑک اٹھی، اسرائیل کی کیمیکل فیکٹری کو بھی نشانہ بنایا گیا، تل ابیب پر بھی میزائل داغے گئے جس سے اسرائیلی پارلیمنٹ کا اجلاس موخر کرنا پڑ گیا۔ اسرائیل کی وزارت صحت کے مطابق ایران کے خلاف جنگ شروع کرنے کے بعد سے اب تک اسرائیل میں چھ ہزار سے زیادہ افراد کو ہسپتال لایا گیا ہے ، 121 مریض اب بھی زیر علاج ہیں جن میں سے 17 مریضوں کی حالت تشویش ناک ہے ، گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک بھر کے ہسپتالوں میں 232 زخمی لائے گئے ۔ ایران نے کویت کے پاور اور ڈی سیلینیشن پلانٹ کو نشانہ بنایا، جس سے وہاں کام کرنے والا بھارتی شہری ہلاک ہو گیا۔

ایران نے کہا ہے کہ کویت کے پانی کے پلانٹ پر حملہ نہیں کیا، واٹر پلانٹ ایران کے اہداف میں شامل نہیں، یہ حملہ اسرائیل نے کیا۔ متحدہ عرب امارات کی وزارت دفاع نے 24 گھنٹوں کے دوران 11 میزائل اور 27 ڈرون روکنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ وزارت کے مطابق جنگ کے آغاز سے اب تک وہ 1941 ڈرونز اور 440 میزائلوں سے نمٹ چکی ہے ۔ بحرین کی دفاعی فورس نے کہا ہے کہ 24 گھنٹوں کے دوران اس نے آٹھ میزائل اور سات ڈرون روکے اور اب تک وہ 182 میزائل اور 398 ڈرون روک چکی ہے ۔ ترکی نے دعویٰ کیا ہے کہ نیٹو کے فضائی دفاعی نظام نے ایک بیلسٹک میزائل کو غیر مؤثر بنا دیا ہے جو ترک فضائی حدود میں داخل ہوا تھا۔ سعودی عرب میں بھی ڈرون اور میزائل حملوں کی اطلاعات ملی ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں