بھارت کی ایک اور فالس فلیگ کی سازش بے نقاب
پاکستانی قیدیوں کو رہا کر کے مقبوضہ کشمیر کے سرحدی علاقوں میں لے جانیکا ارادہ انٹیلی جنس ایجنسی نے بھارت کی خفیہ کمیونیکشن کو ڈی کوڈ کر دیا :سکیورٹی ذرائع
اسلام آباد(دنیا نیوز،مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان کے حساس اداروں نے بھارت کی فالس فلیگ پلاننگ بے نقاب کر دی۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق پاکستان کی انٹیلی جنس ایجنسی نے بھارت کی خفیہ کمیونیکشن کو ڈی کوڈ کر دیا ہے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت پاکستان کے خلاف فالس فلیگ آپریشن کی منصوبہ بندی کر رہا ہے ۔ بھارت کی جانب سے پاکستانی قیدیوں کو رہا کرنے کا منصوبہ ہے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت پاکستانی قیدیوں کو مقبوضہ کشمیرکے سرحدی علاقوں میں لے جانا چاہتا اور بھارت پاکستانی قیدیوں کے ذریعے سرحدی علاقے میں فالس فلیگ آپریشن کرنا چاہتا ہے ۔سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی قیدیوں کو استعمال کرکے بھارت بڑی کارروائی کا الزام پاکستان پر لگانا چاہتا ہے۔
بھارت فالس فلیگ آپریشن کو بنیاد بنا کر پاکستان پر سرحدی کشیدگی شروع کرناچاہتا ہے ۔سکیورٹی ذرائع کے مطابق بھارت کا مقصد پاکستان کی فوج کو مشرقی سرحد پر انگیج کرنا ہے ۔ان بے گناہ قیدیوں کو جلد ہی فالس فلیگ آپریشن کے ذریعے گودی میڈیا اور جے شنکر پاکستان مخالف استعمال کرے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دنیا بھارت کی ان مکاریوں، جھوٹ اور گھسے پٹے بیانیے سے پہلے ہی تنگ آچکی ہے ، اب اس گھسے پٹے اور فرسودہ بیانیے کی کوئی وقعت نہیں رہی ہے ، پلوامہ کے بعد پہلگام کو بھی ایک سال گزرنے کے باوجود بھارت ابھی تک اپنے الزامات کے شواہد سامنے نہیں لا سکا۔مزید برآں بھارت ان فالس فلیگ آپریشنز کے حوالے سے دنیا کو یہ نہیں بتاسکا کہ ان میں کون سے لوگ ملوث تھے اور کہاں سے آئے تھے ، بھارت کا بے گناہ پاکستانی قیدیوں کو استعمال کرکے میڈیا کے سامنے ایک اور پراپیگنڈا بھی بری طرح ناکام ہوگا۔