تیل سپلائی پوری مل رہی، پھر بھی مہنگا کردیا:ایس ایم تنویر
کاروبار کو دس بجے کی پابندی سے آزادکریں،حکومت لانگ ٹرم پالیسی دے وزیراعظم،فیلڈمارشل کی کاوشوں سے ملک محفوظ،ذکی اعجاز ، پریس کانفرنس
لاہور(کامرس رپورٹر،نیوز ایجنسیاں)سربراہ یونائیٹڈ بزنس گروپ (یو بی جی)ایس ایم تنویر نے کہا ہے کہ جب بھی لاک ڈائون لگانا ہے تو سٹیک ہولڈرز سے پوچھیں،پاکستان کو تیل کی سپلائی پوری مل رہی ہے ، پھر بھی قیمتیں بڑھائی گئیں۔لاہور میں ایف پی سی سی آئی کے عہدیداروں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ایس ایم تنویر کا کہنا تھا کہ حکومت ہم سے بات کرے بہتر مشورہ دے سکتے ہیں، لانگ ٹرم پالیسی بنانا ہوگی جس سے فائدہ ہو سکے ، حکومت کوئی بھی فیصلہ سٹیک ہولڈرز سے رابطے کے بعد کرے ۔انہوں نے کہا کہ پوری دنیا پاکستان کے ساتھ مل کر معاملات حل کرنا چاہتی ہے ، یہی وقت ہے پاکستان کو معیشت کیلئے اقدام کرنا ہوگا، انہوں نے کہا وزیراعظم شہباز شریف،نائب وزیراعظم اسحاق ڈار اور فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے پاکستان کے عالمی سطح پر سٹراٹیجک اہمیت کے حامل مقام کو بلند کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔
ان کی قیادت نے پاکستان کے ایک مضبوط اور باصلاحیت دفاعی قوت کے طور پر تشخص کو نمایاں طور پر مستحکم کیا ہے ۔ فیلڈ مارشل کی بہترین حکمت عملی سے ملک کو فائدہ ہوا، کاروباری دنیا کو فیک نیوز سے نقصان ہوتا ہے اس کے خلاف ایکشن لیں، چار سو بلین ڈالر کا جی ڈی پی سائز ہے اور اٹھارہ فیصد وہ کاروبار ہیں جو سب سے زیادہ ٹیکس دیتے ہیں، پاکستان کے کاروبار کو دس بجے کی پابندی سے آزاد کیا جائے ۔ ایس ایم تنویر نے کہا کہ دبئی نہیں بلکہ پاکستان محفوظ ملک ہے ادھر ہی جینا ہے اور ادھر ہی مرنا ہے ، حکومت لانگ ٹرم انڈسٹری پالیسی اور ڈومیسٹک کامرس کو چلانے کی پالیسی دے ، لانگ ٹرم پالیسی نہیں دیں گے تو ہم کاروبار کر ہی نہیں سکتے ۔ایف پی سی سی آئی کے ریجنل چیئرمین و نائب صدرذکی اعجاز نے کہا پوری دنیا میں اس وقت پاکستان محفوظ ترین ملک مانا جاتا ہے ، وزیراعظم ،فیلڈ مارشل کی کاوشوں کی وجہ سے ملک محفوظ ہے ۔ وزیراعظم سے درخواست ہے ہفتہ، اتوار شٹ ڈاؤن پر نظر ثانی کی جائے ۔