تیل بردار بحری جہاز کراچی پورٹ پہنچ گیا، ایک آج آئیگا

تیل بردار بحری جہاز کراچی  پورٹ پہنچ گیا، ایک آج آئیگا

کراچی(کامرس رپورٹر)ملک میں توانائی کی طلب کو پورا کرنے کیلئے تیل بردار بحری جہازوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے ، جس کے تحت کراچی پورٹ پر مجموعی طور پر 1 لاکھ 84 ہزار میٹرک ٹن خام تیل اور پٹرول کی سپلائی یقینی بنادی گئی ہے۔

پورٹ حکام کے مطابق مختلف آئل ٹینکرز کے ذریعے خام تیل اور پٹرول کی بڑی کھیپ ملک پہنچ رہی ہے ، جس سے آئل سپلائی چین میں مزید بہتری متوقع ہے ۔ پورٹ انتظامیہ کے مطابق پاکستان نیشنل شپنگ کارپوریشن کا آئل ٹینکر ایم ٹی لاہور کراچی پورٹ پہنچ چکاہے ، جس سے تقریباً 73 ہزار میٹرک ٹن خام تیل ڈسچارج کیا جارہا ہے ۔ مزید برآں پورٹ ذرائع کے مطابق بحری جہاز فاطمہ 38 ہزار میٹرک ٹن پٹرول آج کراچی پورٹ پر لنگر انداز ہوگا جبکہ ایک اورآئل ٹینکر پی ایلکی خلیجی ممالک سے 73 ہزار میٹرک ٹن خام تیل لے کر پہنچے گا۔ کراچی پورٹ حکام کے مطابق تمام جہازوں سے کارگو کی بروقت ہینڈلنگ کیلئے انتظامات مکمل کر لئے گئے ہیں۔ بحری ماہرین کے مطابق خام تیل اور پٹرول کی بڑی مقدار کی درآمد سے نہ صرف سپلائی چین مستحکم ہوگی بلکہ ملک میں ایندھن کی دستیابی کو یقینی بنانے میں بھی مدد ملے گی خصوصاً ایسے وقت میں جب توانائی کی طلب میں اضافہ دیکھنے میں آتا ہے ۔ تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ آئل ٹینکرز کی بروقت آمد سے ریفائنریز کی پیداوار متاثر نہیں ہوگی اور مارکیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی روانی برقرار رہے گی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں