جنگ میں روپیہ کی نسبت ایرانی ریال کی قدر 4گنا بڑھ گئی
2500روپے میں ملنے والے 1کروڑ ایرانی ریال اب 10ہزار کے ہوگئے بڑی وجہ جنگ جلد ختم ہونے ، پابندیاں ہٹنے کی پیش گوئیاں ہیں:ملک بوستان
اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک)امریکا اور اسرائیل کے ایران پر حملے کے بعد شروع ہونے والی جنگ کے بعد سے پاکستانی روپیہ کے مقابلے میں ایرانی ریال کی قیمت میں بڑا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ کرنسی ایکسچینج کے کاروبار سے وابستہ افراد کے مطابق ایرانی کرنسی کی قدر میں تقریباً چار گنا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔ جنگ سے پہلے ایک کروڑ ایرانی ریال 2500 پاکستانی روپے میں مل جاتے تھے تاہم اب ایک کروڑ ایرانی ریال کی قدر 10 ہزار روپے کے برابر ہو چکی ہے ۔بی بی سی سے بات کرتے ہوئے ایکسچینج کمپنیز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے چیئرمین ملک بوستان نے بتایا کہ اس کی سب سے بڑی وجہ یہ قیاس آرائیاں ہیں کہ جنگ جلد ختم ہو جائے گی اور اس کے بعد ایران پر عائد پابندیوں کو بھی اٹھائے جانے کا امکان ہے ، اس بنیاد پر یہ قیاس کیا جا رہا ہے کہ پابندیاں ہٹنے سے ایرانی کرنسی کی قدر میں اضافہ ہو گا اس لیے لوگ مستقبل کے لیے اس میں سرمایہ کاری کر رہے ہیں۔ملک بوستان نے کہا ایران کی جانب سے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں سے بیس لاکھ ڈالر کا ٹول ٹیکس وصول کرنے کا اقدام بھی ایرانی کرنسی کی مضبوطی کا باعث بنا ہے ۔ان کا کہنا ہے کہ ایران نے آبنائے ہرمز سے گزرنے والے جہازوں کو ایرانی ریال اور چینی یوآن میں ٹول ادا کرنے کا کہا ہے جس کا ایرانی کرنسی پر مثبت پڑا ہے اور اس کی قدر میں کافی زیادہ اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے ۔