گندم کی بروقت خریداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے :رانا تنویر

 گندم کی بروقت خریداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے :رانا تنویر

خریداری میں تاخیر سے منڈی میں بگاڑ قیمتوں میں عدم توازن پیدا ہو سکتا ویٹ اوور سائٹ کمیٹی اجلاس ، غذائی تحفظ سمیت دیگر اقدامات کا جائزہ لیا گیا

اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہا کہ گندم پاکستان کے غذائی تحفظ کی ایک سٹر ٹیجک فصل ہے ۔ گندم کی بروقت اور شفاف خریداری کو ہر صورت یقینی بنایا جائے ،خریداری میں تاخیر سے منڈی میں بگاڑ اور قیمتوں میں عدم توازن پیدا ہو سکتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نیشنل ویٹ اوور سائٹ کمیٹی کے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں گندم کی خریداری کے انتظامات، بین الصوبائی رابطہ کاری اور بدلتے ہوئے عالمی حالات کے تناظر میں قومی غذائی تحفظ کو مضبوط بنانے کے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔اس موقع پروفاقی وزیر نے کہا کہ حالیہ جغرافیائی سیاسی کشیدگی اور مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال نے عالمی خوراک سپلائی چینز کی کمزوری کو مزید نمایاں کر دیا ، بین الاقوامی تجارتی راستوں میں ممکنہ رکاوٹیں، مال برداری کے بڑھتے غیر یقینی حالات اور عالمی اجناس کی منڈیوں میں اتار چڑھاؤ اس امر کا تقاضا کرتے ہیں کہ پاکستان ا پنے داخلی زرعی نظام کو مضبوط بنائے ، سٹر ٹیجک ذخائر کے انتظام کو بہتر کرے اور ضروری اجناس کی بروقت خریداری کو یقینی بنائے ۔اجلاس میں مختلف صوبوں میں جاری گندم کی خریداری کے عمل کا جائزہ لیا گیا، جس میں خریداری کے نظام کی بروقت تیاری، فصل کی کٹائی کے دوران منڈی کے استحکام اور کسانوں کو نچلی سطح پر سہولت فراہم کرنے پر خصوصی توجہ دی گئی، انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ خریداری کے نظام فصل کی کٹائی کے اہم دورانیے میں مکمل طور پر فعال رہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں