9اپریل کو پنڈی میں جلسہ ،جہاں روکا وہاں احتجاج : سہیل آفریدی

9اپریل کو پنڈی میں جلسہ ،جہاں روکا وہاں احتجاج : سہیل آفریدی

این او سی کیلئے انتظامیہ کو درخواست دینگے ، وفاقی حکومت حق نہیں دے رہی اپنے وسائل سے 15ارب خرچ کئے ،پی ٹی آئی کیساتھ د ہرا معیار،،پریس کانفرنس

پشاور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سہیل آفریدی نے 9اپریل کو راولپنڈی میں جلسہ کرنے کا اعلان کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ہم انتظامیہ کو جلسہ کرنے کے لئے درخواست دیں گے ، اگر این او سی نہ ملا تو ہر فرد وہاں احتجاج کرے گا جہاں اس کو روکا جائے گا ،خیبر پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وزیر اعلی ٰکے پی کے نے کہا کہ وفاقی حکومت کے ساتھ ان کی تین سے چار ملاقاتیں ہو چکی ہیں جن میں انہوں نے اپنا اور عوام کا مقدمہ پیش کیا، تاہم ان کے مطابق وفاقی حکومت انہیں ان کا حق نہیں دے رہی ،ملاقاتوں کا مقصد خیبرپختونخوا کے مسائل کو اجاگر کرنا تھا لیکن حکومت عوام کو بھیڑ بکریاں سمجھ رہی ہے، جبکہ صوبائی حکومت اب تک پندرہ ارب روپے اپنے وسائل سے خرچ کر چکی ہے ۔انہوں نے کہا گزشتہ سال کے تباہ کن سیلاب کے باوجود وفاق نے ایک روپیہ بھی فراہم نہیں کیا اور صوبائی بجٹ میں بھی کٹوتیاں کی جا رہی ہیں۔ سہیل آفریدی نے کہا کہ پٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ،عام آدمی کے لئے آواز اٹھانا میری ذمہ داری ہے ، انہوں نے مزید کہا کہ بطور وزیر اعلیٰ ہمیشہ آئینی و قانونی راستہ اپنایا مگر مجھے سمگلر اور دہشت گرد کہا گیا، انہوں نے دعویٰ کیا کہ ججز پر فیصلوں کے لئے دباؤ ڈالا جا رہا اور پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ د ہرا رویہ اپنایا جا رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں