پی ایس بی اجلاس، ایتھلیٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کی منظوری
کھیلوں کی فیڈریشنز کو 90دن کے اندر ترقیاتی منصوبے جمع کرانے کی ہدایت
اسلام آباد(سپورٹس رپورٹر)پاکستان سپورٹس بورڈ کے 36ویں بورڈ اجلاس میں متعدد اہم پالیسی اور مالی فیصلوں کی منظوری دے دی گئی۔ اجلاس کی صدارت صدر پی ایس بی رانا ثنا اللہ نے کی، بورڈ نے ایک اہم طویل المدتی ایتھلیٹ ڈویلپمنٹ پروگرام کی منظوری دی، جس کے تحت پاکستان کے سپورٹس سسٹم کو سرگرمیوں پر مبنی طریقہ کار سے نکال کر نتائج پر مبنی ماڈل کی طرف منتقل کیا جائے گا، جو بین الاقوامی بہترین طریقہ کار اور اولمپک سائیکلز سے ہم آہنگ ہوگا۔ تمام قومی کھیلوں کی فیڈریشنز کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ 90 دن کے اندر چار سالہ ترقیاتی منصوبے جمع کروائیں، جبکہ مالی معاونت کو کارکردگی اور ضابطوں کی پابندی سے مشروط کیا جائے گا۔ ایک اہم پالیسی فیصلے کے تحت بورڈ نے پی ایس بی کے بجٹ میں نمایاں اضافے کی منظوری دیتے ہوئے اسے تقریباً 1.2 ارب روپے سے بڑھا کر 4.9 ارب روپے کرنے کی سفارش کی، تاکہ کھلاڑیوں کی تربیت، بین الاقوامی شرکت، کوچنگ اور انفراسٹرکچر کی بڑھتی ہوئی ضروریات کو پورا کیا جا سکے ۔ اس معاملے کو منظوری کے لیے وزیر اعظم کے سامنے پیش کیا جائے گا۔