پاکستان اور IFADکا زرعی تعاون مزیدمضبوط بنانے پر اتفاق

پاکستان اور IFADکا زرعی تعاون مزیدمضبوط بنانے پر اتفاق

آئی ایف اے ڈی کا ترقیاتی ماڈل قومی ترقیاتی ترجیحات سے ہم آہنگ،رانا تنویر پاکستان اہم شراکتدار،ہمارا بنیادی فوکس زرعی پیداوار میں اضافہ،کنٹری ڈا ئریکٹر

 اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین نے کہاہے کہ پاکستان کے زرعی شعبے کو درپیش چیلنجز سے نمٹنے کیلئے آئی ایف اے ڈی کی مالی اور تکنیکی معاونت کو مزید وسعت دینا ناگزیر ہے ۔ جمعرات کو ان خیالات کااظہار انہوں نے آئی ایف اے ڈی کے وفد کے ایک اعلیٰ سطح اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ وفد کی قیادت فرنینڈا تھوماز دا روچا، کنٹری ڈائریکٹر (ایشیا) کر رہی تھیں جبکہ کنٹری پروگرام کوآرڈینیٹر غلام نبی مری بھی ان کے ہمراہ تھے ۔

اجلاس میں پاکستان میں پائیدار زرعی ترقی، دیہی معیشت کی بہتری اور غربت کے خاتمے کے لیے باہمی تعاون کو مزید وسعت دینے پراتفاق کیا گیا۔ رانا تنویر حسین نے کہا کہ آئی ایف اے ڈی کا ترقیاتی ماڈل، جو رعایتی مالی معاونت، کمیونٹی کی ترقی اور شمولیتی ترقی پر مبنی ہے ، پاکستان کی قومی ترقیاتی ترجیحات سے مکمل ہم آہنگ ہے۔ فرنینڈا تھوماز دا روچا نے کہا کہ پاکستان ادارے کے لیے انتہائی اہم شراکت دار ملک ہے ،ہمارا بنیادی فوکس زرعی پیداوار میں اضافہ، کسانوں کو منڈیوں تک بہتر رسائی فراہم کرنا، دیہی نوجوانوں کے لیے روزگار اور کاروباری مواقع پیدا کرناہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں