مصر، ازبکستان کی پاک چین 5 نکاتی امن فارمولا کی حمایت
نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا دونوں ملکوں کے وزرائے خارجہ سے ٹیلیفونک رابطہ خطے میں کشیدگی میں کمی کیلئے رابطے جاری رکھنے کا عزم، پاکستانی کردار کو سراہا گیا
اسلام آباد(وقائع نگار،مانیٹرنگ ڈیسک) نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا مصر اور ازبکستان کے وزرائے خارجہ سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا جس میں دوطرفہ تعلقات ، علاقائی صورت حال اور امن اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا ، دونوں ملکوں نے مشرق وسطیٰ میں امن واستحکام کیلئے پاک چین پانچ نکاتی امن فارمو لے کی مکمل حمایت کی اور دو طرفہ قریبی رابطے جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اسحاق ڈار کا مصری وزیر خارجہ سے گزشتہ رات ٹیلی فونک رابطہ ہوا ، ڈاکٹر بدرعبدالعاطی نے اسلام آباد میں چار ملکی اجلاس کے دوران شاندار مہمان نوازی پر اظہار تشکر کیا اور مذاکرات کے فروغ اور تنازع کے حل کے لئے پاک چین پانچ نکاتی اقدام کو بھی سراہا ۔ جبکہ باہمی تعاون کو مزید فروغ دینے پر اتفاق کیا ۔ نائب وزیراعظم کے ساتھ ٹیلی فونک گفتگو میں ازبکستان کے وزیر خارجہ بختیار سیدوف نے علاقائی امن واستحکام اور کشیدگی میں کمی کیلئے پاکستانی کردار کو سراہا اور مشرق وسطیٰ میں امن واستحکام کیلئے پاک چین پانچ نکاتی اقدام کی مکمل حمایت کی ۔