بارشیں جاری، مختلف واقعات میں باپ بیٹی سمیت مزید 13 افراد جاں بحق

بارشیں جاری، مختلف واقعات میں باپ بیٹی سمیت مزید 13 افراد جاں بحق

پختونخوا میں تباہی، نشیبی علاقے زیر آب، کمسن بہن بھائی سمیت 7افراد چل بسے ، پنجاب میں بھی 6 اموات بالائی علاقوں میں برفباری ، ڈی جی خان اور فورٹ منرو کے ندی نالوں میں طغیانی، آج بھی بارش کا امکان

لاہور، اسلام آباد، ساہیوال (مانیٹرنگ ڈیسک، خصوصی نامہ نگار، خبر نگار، نیوز ایجنسیاں)ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک، آندھی اور طوفان کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے جس کے باعث خیبر پختونخوا میں شدید تباہی ہوئی اور نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ مختلف واقعات میں مجموعی طور پر باپ بیٹی سمیت 13 افراد جاں بحق جبکہ بیسیوں زخمی ہوگئے ۔تفصیلات کے مطابق خیبر پختونخوا میں کمسن بہن بھائی سمیت 7 افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ پنجاب میں 6 افراد جاں بحق ہوئے۔ بالائی علاقوں میں برفباری کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا ہے جبکہ آئندہ چند روز میں مزید بارشوں، ژالہ باری اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

ساہیوال کے نواحی گاؤں 103/7-R میں تیز آندھی اور بارش کے باعث مویشیوں کے احاطے کی خستہ دیوار گرنے سے عبدالرشید اور اس کی 14 سالہ بیٹی ثناء جاں بحق ہوگئے ۔ رحیم یار خان، ملتان، سرگودھا اور چنیوٹ میں بھی چھتیں اور دیواریں گرنے کے مختلف واقعات میں کئی افراد جاں بحق اور زخمی ہوئے ۔خیبر پختونخوا کے ضلع کرم، خیبر، بنوں اور دیگر علاقوں میں شدید بارشوں کے باعث سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی۔ لنڈی کوتل میں سیلابی ریلے میں کار بہہ جانے سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ بنوں میں گھر کی چھت گرنے سے کمسن بہن بھائی زندگی کی بازی ہار گئے ۔ متعدد علاقوں میں رابطہ سڑکیں متاثر اور بجلی کا نظام درہم برہم ہوگیا۔

پی ڈی ایم اے کے مطابق صوبے میں 25 مارچ سے اب تک بارشوں کے باعث 30 افراد جاں بحق اور 85 زخمی ہوچکے ہیں جبکہ 140 گھروں کو نقصان پہنچا ہے ۔دوسری جانب بلوچستان کے مختلف علاقوں میں بھی موسلادھار بارش اور ژالہ باری کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی جبکہ موسیٰ خیل میں آسمانی بجلی گرنے سے 65 دنبے ہلاک ہوگئے ۔محکمہ موسمیات کے مطابق آج 5 اپریل سے ملک کے بیشتر علاقوں میں بارشوں کا نیا سلسلہ داخل ہوگا جو 9 اپریل تک جاری رہنے کا امکان ہے ۔ پنجاب، اسلام آباد، خیبر پختونخوا، بلوچستان، کشمیر اور گلگت بلتستان میں مزید بارش، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے جبکہ ڈی جی خان اور فورٹ منرو میں ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں