ٹرانسپورٹ سبسڈی ڈیجیٹل والٹ سے ٹرانسفر ہوگی : عطا تارڑ

ٹرانسپورٹ سبسڈی ڈیجیٹل والٹ سے ٹرانسفر ہوگی : عطا تارڑ

مہنگا خرید کر سستا بیچتے جائیں تو کب تک چلے گا،بلاضرورت گاڑی نہ چلائیں:مصدق

لاہور (نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اﷲ تارڑ نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں تیل کا بحران ہے ، تاریخ میں عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں اتنا اضافہ کبھی نہیں ہوا، حکومتی اقدامات کی بدولت ملک میں تیل کا بحران پیدا نہیں ہونے دیا گیا، پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو سبسڈی ملنے سے عوام کو مزید ریلیف ملے گا، اس مقصد کے لئے وزیراعظم نے ڈیجیٹل والٹ کا نظام متعارف کرانے کی ہدایات جاری کی ہیں جس کے تحت ڈائریکٹ کیش ٹرانسفر کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ادائیگیاں اسی شفاف طریقہ کار کے تحت ہوں گی جس طرح رمضان المبارک کے دوران براہ راست کیش ٹرانسفر کیا گیا تھا۔

وفاقی وزیر ماحولیاتی تبدیلی ڈاکٹر مصدق ملک کے ہمراہ نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا پورے خطے میں پٹرولیم مصنوعات کی قلت دیکھنے میں آئی جبکہ مشرقی ہمسایہ ملک میں پٹرول پمپس پر طویل قطاریں لگیں اور ایندھن کی دستیابی متاثر ہوئی تاہم حکومت پاکستان نے بروقت حکمت عملی کے تحت عوام کے لئے پٹرول اور ڈیزل کی فراہمی کا بندوبست کیا۔ عید کے دنوں میں ملکی بندرگاہوں پر بحری جہازوں کی آمد کے مناظر سوشل میڈیا پر بھی نظر آتے رہے ، مختلف ذرائع سے پٹرولیم مصنوعات منگوائی گئیں، دو جہاز آبنائے ہرمز کے ذریعے پہنچے جبکہ بحیرہ احمر کے راستے بھی انتظامات کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ عرب امارات کے فجیرہ اور سعودی عرب سمیت جہاں جہاں سے ممکن ہوا عوامی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے تیل کی دستیابی یقینی بنائی گئی۔

وزیراعظم نے تین ہفتوں کے دوران پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا بوجھ عوام پر منتقل نہیں ہونے دیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات سے 129 ارب روپے کا انتظام کیا اور تین ہفتے تک پٹرول کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونے دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انشا اﷲ عوام کو مشکلات سے بچانے کے لئے حکومت ہر ممکن اقدام کرے گی۔وفاقی وزیر مصدق ملک نے کہا ہے کہ چار ہفتے ہوچکے ہیں پورا خطہ جنگ کی لپیٹ میں ہے ، مہنگا خرید کر سستا بیچتے چلے جائیں گے تو یہ کب تک چلے گا۔129 ارب روپے ترقیاتی منصوبوں سے کاٹ کر عوام کو دیے گئے ۔کفایت شعاری اقدامات سے بچائے گئے پیسے ذ مہ داری کے ساتھ خرچ کیے گئے ، غیر ملکی ذخائر کم ہونا شروع ہوں تو سوچنا پڑے گا کہ کس مقام پر ہمیں رکنا ہے ۔

مصدق ملک نے یہ بھی کہا کہ موٹرسائیکل کے لیے پٹرول پر ہر لٹر کے لیے 100 روپے سبسڈی دی جائے گی، انہیں مارکیٹ ریٹ سے پٹرول کی 100 روپے کم قیمت دیں گے ۔غریب وہ ہے جو لاری اڈے سے بس میں بیٹھ کر سفر کرتا ہے ، بسوں کو 1 لاکھ روپے کی ماہانہ سبسڈی دی جارہی ہے اور ساتھ ہی ہدایت کی ہے کہ کرایہ نہیں بڑھایا جائے گا۔وفاقی وزیر نے کہا کہ وزیراعظم نے مڈل کلاس کو ریلیف دینے کے لئے پیٹرول کی قیمت 80 روپے کم کی،عوام کو بھی پٹرول کا استعمال سوچ سمجھ کر کرنا ہوگا، موجودہ صورتحال میں بلاضرورت گاڑی کا استعمال نہ کیا جائے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں