سنگاپور سے 41ہزار 343ٹن پٹرول جلد کراچی پہنچے گا، کے پی ٹی حکام
کراچی(کامرس رپورٹر)توانائی ضروریات پوری کرنے کیلئے پٹرول کی بڑی کھیپ سنگاپور سے بحری جہاز کے ذریعے کراچی پہنچ رہی ہے۔
کراچی پورٹ ٹرسٹ (کے پی ٹی) انتظامیہ کے مطابق سنگاپور سے آنے والا بحری جہاز بائی لو زو جلد کراچی پورٹ ٹرسٹ پر لنگر انداز ہوگا، کے پی ٹی حکام کے مطابق مذکورہ بحری جہاز41ہزار 343میٹرک ٹن پٹرول لے کر کراچی پہنچ رہا ہے جس سے ملک میں ایندھن کی دستیابی کو یقینی بنانے میں مدد ملے گی۔ حکام کا کہنا ہے کہ پٹرول کی یہ کھیپ آئل سپلائی چین کو مستحکم بنانے اور طلب و رسد کے توازن کو برقرار رکھنے میں اہم کردار ادا کرے گی۔ پورٹ حکام کے مطابق پٹرول کی ترسیل کا عمل طے شدہ قواعد و ضوابط کے تحت مکمل کیا جائے گا تاکہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کو بروقت فراہمی یقینی بنائی جا سکے اور ملک میں پٹرول کی بلاتعطل دستیابی برقرار رہے۔