بنوں:نادرا دفتر پر حملہ، پولیس اہلکار،سکیورٹی گارڈ شہید

بنوں:نادرا دفتر پر حملہ، پولیس اہلکار،سکیورٹی گارڈ شہید

بکاخیل میں سکیورٹی پر تعینات رفیع اللہ اور گل شاہ فائرنگ کانشانہ بنے شہداکے خاندانوں کیساتھ ہیں :وزیرداخلہ ،گورنراوروزیراعلیٰ کی مذمت

بنوں(نیوزایجنسیاں ،مانیٹرنگ ڈیسک )نادرا کے دفتر پر مسلح دہشت گردوں کے حملے میں پولیس اہلکاراورسکیورٹی گارڈ شہید ہو گئے ۔پولیس کے مطابق واقعہ بنوں کے علاقے بکاخیل میں پیش آیا، جہاں سکیورٹی پر تعینات اہلکاروں پر فائرنگ کی گئی۔حملے کے نتیجے میں کانسٹیبل رفیع اللہ اورسکیورٹی گارڈ گل شاہ موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئے ۔ دریں اثنا وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی اورگورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے شہید پولیس اہلکار اور سکیورٹی گارڈ کو خراج عقیدت پیش کیااور کہا کہ دونوں نے فرض کی ادائیگی میں شہادت کا عظیم رتبہ پایا۔ دکھ کی گھڑی میں شہید اہلکاروں کے خاندانوں کے ساتھ کھڑے ہیں۔

وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا سہیل آفریدی نے بھی واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے متاثرہ خاندانوں سے دلی ہمدردی کا اظہار کیااورشہدا کے بلند درجات اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعاکی۔وزیر اعلی ٰ نے کہا کہ صوبائی حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے ،اس مشکل گھڑی میں شہداکے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑا جائے گا۔ دوسری طرف بنوں میں میریان روڈ پر کنگر جان بہادر کے قریب موٹر سائیکل سوارکی فائرنگ سے شہیدپولیس اہلکار شیرمحمدکی نمازجنازہ اقبال شہید پولیس لائن میں سرکاری اعزاز کے ساتھ ادا کی گئی،جس میں ڈی پی او بنوں یاسر آفریدی، ڈپٹی کمشنر محمد فہیم، ڈپٹی کمانڈر 116 بریگیڈ کرنل طلعت سمیت پولیس و انتظامیہ کے اعلی افسروں ، جوانوں اور شہید کے لواحقین کی کثیرتعداد نے شرکت کی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں