مفت سفر:راولپنڈی کاپہلانمبر،میٹروبسوں پرکھڑکی توڑرش
2دن میں 3لاکھ افرادنے سفرکیا، سٹیشنز پر4،4قطاریں،خواتین بچوں کومشکلات شہری اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکل کھڑی کر کے میٹرو بسوں پر سفر کو ترجیح دے رہے
راولپنڈی (نیوزایجنسیاں)وزیر اعلیٰ مریم نواز کی جانب سے پٹرولیم ریلیف پیکیج کے اعلان کے بعد پنجاب بھر میں مفت سفر کرنے والوں میں راولپنڈی پہلے نمبر پر آگیا،راولپنڈی اسلام آبادکے مابین چلنے والی ریڈمیٹرواورگرین الیکٹرک بسوں پرسفرکرنے والوں کاکھڑکی توڑرش دیکھنے میں آرہاہے ، 2 روز میں ہفتہ اور اتوار کی سرکاری تعطیل کے باوجود 3 لاکھ کے قریب افراد مفت سفر کرچکے ہیں جبکہ الیکٹرک اور گرین بسوں پر دو روز میں 1 لاکھ افراد نے مفت سفر کیا تاہم ہفتے کے پہلے ورکنگ ڈے (پیر کے روز)پر راولپنڈی اسلام آباد میٹرو بس سٹیشنز پر سینکڑوں لوگوں کی 4/4 قطاریں لگ گئیں، رش کی وجہ سے خواتین، معمر افراد اور بچوں کو شدید مشکلات کا سامنا پڑ رہا ہے جبکہ میٹرو بس عملے کی جانب سے شناختی کارڈ دیکھ کر مفت ٹکٹ دئیے جا رہے ہیں، غیر معمولی رش کے باعث ملازمت پیشہ افراد کے ساتھ طلبا و طالبات کے لئے بھی بروقت پہنچنے کا عمل بری طرح متاثر ہو رہا ہے شہریوں کی بہت بڑی تعداد اپنی گاڑیاں اور موٹر سائیکل کھڑی کر کے میٹرو بسوں پر سفر کو ترجیح دے رہے ہیں ، اس حوالے سے سیکرٹری ریجنل ٹرانسپورٹ اتھارٹی راولپنڈی کا کہنا ہے کہ میٹرو بس کا ٹکٹ فری ہونے کے بعد اب تک 3 لاکھ کے قریب افراد مفت سفر کرچکے ہیں ہفتے کے روز 1 لاکھ 29 ہزار سے زائد مسافر میٹرو بس پر مفت سفر کر چکے ہیں ، اسی طرح الیکٹرک اور گرین بسوں پر دو روز میں 1 لاکھ مسافر مفت سفر کرچکے ہیں ہفتے کے روز الیکٹرک گرین بسوں پر 40 ہزار سے زائد مسافر مفت سفر کرچکے ہیں ،انہوں نے کہا پنجاب بھر میں سب سے زیادہ مفت سفر کرنے والے افراد کی تعداد راولپنڈی میں شمار کی گئی ہے ۔