پی ٹی آئی کا سینیٹ کیلئے عرفان سلیم کو ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ
بشریٰ کا ڈرائیور کورنگ امیدوار وں میں شامل ،پارٹی قائدین کااعتراض کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آج آخری تاریخ ،پولنگ 23اپریل کو ہوگی
پشاور،اسلام آباد (اے پی پی)تحریک انصاف خیبرپختونخوا کے پارلیمانی بورڈ نے سینیٹ انتخابات کیلئے اپنے امیدوار کا باقاعدہ اعلان کر دیا ۔پارٹی نے مراد سعید کی خالی ہونے والی نشست پر عرفان سلیم کو ٹکٹ جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔یہ اہم فیصلہ وزیر اعلی ٰخیبرپختونخوا سہیل آفریدی کی زیر صدارت پارلیمانی بورڈ کے اجلاس میں کیا گیا۔ پارلیمانی بورڈ نے کسی بھی ہنگامی صورتحال یا تکنیکی بنیادوں پر کاغذات نامزدگی مسترد ہونے سے بچنے کے لیے سجاد مہمند،بشریٰ بی بی کاڈرائیور غلام بادشاہ بھٹنی اور سردار خان کو بطور کورنگ امیدوار نامزد کیا ہے ۔پی ٹی آئی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری کی جانب سے اس فیصلے کا باقاعدہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا ہے ۔
ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق بشریٰ بی بی کے ڈرائیور غلام بادشاہ کورنگ امیدواربنانے پر پارٹی قائدین نے اعتراض بھی اٹھائے لیکن وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کسی کی نہ مانی ۔دوسری طرف الیکشن کمیشن خیبرپختونخوا کی جانب سے جاری اعلامیہ کے مطابق صوبائی الیکشن کمشنر خیبرپختونخوا کے دفتر سے کاغذات حاصل کئے جاسکتے ہیں ، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی آج 7 اپریل 2026 آ خری تاریخ مقرر ہے ۔ 8 اپریل کو امیدواروں کے نام شائع کیے جائینگے ۔10اپریل تک کاغذات کی جانچ پڑتال مکمل کی جائیگی۔ کاغذات کی درستگی یا مسترد ہونے کے خلاف اپیلیں 13اپریل تک ٹربیونل میں دائر کی جائینگی ۔ان اپیلوں پر فیصلہ 15 اپریل تک کیا جائیگا۔امیدواروں کی نظر ثانی شدہ فہرست 16اپریل کو شائع کی جائیگی۔ کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آ خری تاریخ 17 اپریل مقرر کی گئی ہے جبکہ پولنگ 23 اپریل کو ہوگی۔