وزیراعظم آزاد کشمیر کے قافلے کی موٹروے پر مبینہ تیز رفتاری
فیصل ممتاز راٹھور کا 10 گاڑیوں کا قافلہ زیر بحث، بڑے پروٹوکول پر سوالات
لاہور (اپنے نامہ نگار سے ) وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل ممتاز راٹھور کے قافلے کی جانب سے مبینہ طور پر موٹروے پر حد رفتار کی خلاف ورزی کا واقعہ سامنے آیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق قافلہ لاہور سے اسلام آباد جاتے ہوئے ایم ٹو موٹروے پر مقررہ رفتار 100 کلومیٹر فی گھنٹہ سے تجاوز کرتا پایا گیا۔موصولہ ویڈیو میں قافلے کو تیز رفتاری سے سفر کرتے دیکھا گیا۔ مزید برآں وزیراعظم آزاد کشمیر کفایت شعاری مہم کے باوجود تقریباً 10 گاڑیوں پر مشتمل پروٹوکول کے ساتھ سفر کر رہے تھے، جس پر سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔یہ معاملہ اس لیے بھی اہمیت اختیار کر گیا ہے کہ ایک جانب حکومت عوام کو قوانین کی پابندی اور اخراجات میں کمی کی تلقین کرتی ہے، جبکہ دوسری جانب حکومتی شخصیات پر ضابطوں کی خلاف ورزی کے الزامات سامنے آ رہے ہیں۔ موٹروے پر عام شہری معمولی خلاف ورزی پر جرمانوں کا سامنا کرتے ہیں، جس کے باعث اس واقعے نے توجہ حاصل کی ہے ۔ماضی میں بھی عالمی سطح پر اس نوعیت کے واقعات سیاسی دباؤ کا سبب بنتے رہے ہیں، جس سے حکومتی ساکھ متاثر ہوتی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ متعلقہ ادارے اس معاملے پر کیا کارروائی کرتے ہیں۔