پی آئی اے کا تمام ڈسکاؤنٹس ختم ، آپریشن محدودکرنے کافیصلہ

پی آئی اے کا تمام ڈسکاؤنٹس ختم ، آپریشن محدودکرنے کافیصلہ

صرف بچوں کو رعایت ملے گی ،بیجنگ اور کوالالمپور آپریشن 11اپریل سے معطل یواے ای ،سعویہ کے علاوہ خلیجی ممالک کاآپریشن بھی محدود، فلائٹس بدستور متاثر

 لاہور (نیوز رپورٹر )مشرق وسطیٰ کی صورتحال کے باعث پی آئی اے میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں ممکنہ نقصانات کے سدباب کیلئے منصوبہ ترتیب دیدیا گیا ۔ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے تمام ڈسکاؤنٹس ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے ، صرف بچوں کو رعایت حاصل رہے گی جبکہ پی آئی اے اپنا بیجنگ اور کوالالمپور آپریشن بھی 11 اور 14 اپریل سے معطل کررہا ہے ۔خلیجی ممالک ماسوائے متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کی پروازیں بھی اپریل کے آخر تک معطل کی جارہی ہیں جبکہ متحدہ عرب امارات کا فضائی آپریشن ہفتہ وار 16 پروازوں تک محدود کیا جارہا ہے۔ ادھر فلائٹ آپریشن بری طرح متاثر رہا ،کراچی ایئرپورٹ سے سب سے زیادہ پروازیں متاثرہوئیں جبکہ داخلی پروازوں کے کرائے بڑھنے کاقوی امکان ہے، ملک کے 6 ایئرپورٹس سے مشرق وسطیٰ کے مختلف ایئرپورٹس کی دو طرفہ 52پروازیں منسوخ ہوئیں، کراچی ایئرپورٹ سے دبئی ،مشہد، دمام، مدینہ، ریاض، بغداد، ابوظہبی ،شارجہ مسقط، ملائشیا کی دو طرفہ 28 پروازیں منسوخ ہوئیں،لاہور اور اسلام آباد ایئر پورٹس سے دوطرفہ چارچار ، پشاور ایئرپورٹ سے 10 جبکہ ملتان ایئرپورٹ سے 4 پروازیں منسوخ ہوئیں ،واضح رہے کہ پاکستان سے 37 دن کے دوران مشرق وسطیٰ کی مجموعی منسوخ پروازوں کی تعداد2808 ہوچکی ہے ۔دریں اثنا ملک میں جیٹ فیول کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے بعد داخلی پروازوں کے کرائے بڑھنے کا خدشہ پیدا ہوگیا ہے ۔ ٹریول ایجنٹس کے مطابق جیٹ فیول مہنگا ہونے کے باعث کراچی سے لاہور اور اسلام آباد کے یک طرفہ ائیر ٹکٹ کی قیمت میں کم از کم 5 سے 6 ہزار روپے تک اضافہ متوقع ہے ، ایئر لائنز نے مسافروں کو بروقت اطلاع دینے اور نئے کرایوں کے مطابق ٹکٹ بکنگ کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں