ایرانی پیٹروکیمیکل تنصیب،یونیورسٹی،شہری علاقوں پر حملے،انٹیلی جنس چیف شہید
اصفہان میں امریکی طیاروں کا مقابلہ کرتے 4افسر شہید، صیہونی فورسز کا کمانڈر قدس فورس اصغر باقری کی شہادت کا دعویٰ حیفا پرمیزائل حملے میں تباہ عمارت سے 4لاشیں نکال لی گئیں، ایران نے سعودی عرب اور کویت کے اڈوں کو بھی نشانہ بنا یا
تہران(نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک) اسرائیل نے امریکی ڈیڈ لائن ختم ہونے سے قبل ایرانی پیٹروکیمیکل تنصیب،یونیورسٹی، شہری علاقوں پر حملے کرکے ایرانی انٹیلی جنس چیف سمیت 34 افراد کو شہیدکردیا، بتایا گیا کہ حملے کے نتیجے میں شیراز شہر کے قریب مرودشت پیٹروکیمیکل کمپلیکس میں آگ بھڑک اٹھی،تاہم چند منٹوں میں اس پر قابو پالیا گیا۔اس سے قبل اسرائیل نے کہا تھا کہ اس نے ایران کے جنوب میں واقع اسالیہ کے ساؤتھ پارس پیٹروکیمیکل پلانٹ کو نشانہ بنایا ہے ۔وزیرِ دفاع اسرائیل کاٹز نے کہا کہ کہ فوج کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ایران کے انفراسٹرکچر پر پوری قوت کے ساتھ حملے جاری رکھے ۔انھوں نے کہا کہ گزشتہ ہفتے ایک اور تنصیب پر بھی حملہ کیا گیا تھا۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ اب یہ دونوں تنصیبات، جو مل کر ایران کی تقریباً 85 فیصد پیٹروکیمیکل برآمدات کی ذمہ دار تھیں، سروس سے باہر ہو چکی ہیں اور کام نہیں کر رہیں۔ایرانی نیوز ایجنسی نے بوشہر کے ایک نائب گورنر کے حوالے سے بتایا ہے کہ تنصیبات پر حملے کے بعد نقصان کا مکمل اندازہ لگانے کا عمل ابھی جاری ہے ۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے تصدیق کی ہے کہ امریکہ اور اسرائیل کے حملوں میں اس کے انٹیلی جنس چیف شہید ہو گئے ہیں۔پاسداران انقلاب کے مطابق میجر جنرل ماجد خادمی کو پیر کی صبح امریکی اور اسرائیلی فورسز نے نشانہ بنایا۔ماجد خادمی کو گذشتہ برس جون میں پاسداران انقلاب فورس کا انٹیلی جنس چیف مقرر کیا گیا تھا۔ اُس وقت اس کے سربراہ محمد کاظمی اسرائیلی حملے میں مارے گئے تھے ۔اسرائیلی فوج نے ایک روز قبل تہران میں کیے گئے حملے میں ایران کی قدس فورس کے خصوصی آپریشنز یونٹ کے کمانڈر اصغر باقری کو شہید کرنے کا دعویٰ کیا ہے ۔ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ صوبہ اصفہان میں گزشتہ روز امریکی طیاروں کی دراندازی کے خلاف کارروائی کے دوران امریکی طیاروں کا مقابلہ کرتے ہوئے چار افسر شہید ہوگئے ،یہ افسران مہیار میں ’’دشمن کے لڑاکا طیاروں، ہیلی کاپٹروں، مسلح ڈرونز اور معاون طیاروں کے ساتھ براہِ راست لڑائی میں مصروف تھے ‘‘ جب وہ نشانہ بنے ۔ایران کے جنوبی علاقے میں واقع جاسک بندرگاہ پر ایک ماہی گیری کی کشتی پر ’’دشمن‘‘ کے حملے میں دو افراد شہید ہو گئے ،جاسک بندرگاہ، جو اسٹریٹجک لحاظ سے نہایت اہم مقام رکھتی ہے ، خلیجِ عمان میں متحدہ عرب امارات اور عمان کے بالمقابل اور آبنائے ہرمز کے جنوب میں واقع ہے ۔تہران کے مضافات میں واقع بہارستان کے گورنر نے تصدیق کی ہے کہ پیر کی صبح رہائشی علاقے پر ہونے والے حملے میں 6بچوں سمیت 13 افراد شہید ہو گئے ہیں۔اُن کا کہنا تھا کہ حملے کے بعد ملبہ ہٹانے کا کام جاری ہے اور اندیشہ ہے کہ اب بھی بہت سے افراد ملبے تلے دبے ہوئے ہیں۔
فارس نیوز ایجنسی نے یہ بھی اطلاع دی ہے کہ شہر کے قلعہ میر قصبے میں دو رہائشی یونٹوں کو نشانہ بنایا گیا ہے ۔تہران کے ضلع 9 کے میئر کے مطابق شریف یونیورسٹی آف ٹیکنالوجی گیس سٹیشن پر پیر کو ہونے والے حملے کے بعد قریبی علاقوں میں گیس کی سپلائی عارضی طور پر منقطع کر دی گئی ہے ۔اس حملے میں انفارمیشن ٹیکنالوجی سنٹر کی عمارت اور یونیورسٹی کی مسجد سمیت یونیورسٹی کے کچھ حصوں کو بھی نشانہ بنایا گیا۔جنگ کے آغاز کے بعد سے تہران یونیورسٹی آف سائنس اینڈ ٹیکنالوجی اور شاہد بہشتی یونیورسٹی سمیت متعدد یونیورسٹیوں پر حملے کیے گئے ہیں۔دوسری جانب ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے شعبئہ تعلقات عامہ نے اعلان کیا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق 4 کی 98ویں لہر کے تحت امریکی اور اسرائیلی کمانڈ، آپریشنل، لاجسٹک اور صنعتی و عسکری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔ان کارروائیوں کو شہید میجر جنرل ماجد خادمی کے نام کیا گیا۔
ایرانی پاسداران انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے ایک امریکی ایمفیبیئس اسالٹ شپ (آبی و بری حملہ آور جنگی جہاز)پر حملہ کیا، جس کے نتیجے میں اسے جنوبی بحرِ ہند کی جانب پسپائی اختیار کرنا پڑی۔تاہم امریکی سنٹرل کمانڈ (سینٹکام)نے کہا کہ اسالٹ شپ ’’یو ایس ایس ٹرائپولی ‘‘پر کوئی حملہ نہیں ہوا اور وہ امریکی جنگی کارروائیوں کی حمایت میں بدستور بحیرۂ عرب میں محوِ سفر ہے ۔اسرائیلی میڈیا نے تصدیق کی ہے کہ حیفا کی ایک رہائشی عمارت پر ایرانی میزائل حملے کے بعد 4 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں،جبکہ 4 افراد زخمی ہوئے ہیں۔متحدہ عرب امارات نے دعویٰ کیا ہے کہ اس کے فضائی دفاعی نظام نے متعدد ایرانی میزائل اور ڈرون روکے ہیں۔وزارت دفاع نے مزید کہا کہ ملک بھر میں سنی جانے والی آوازیں میزائلوں اور ڈرونز کو ناکارہ بنانے کے آپریشنز کی وجہ سے ہیں۔برطانوی وزارتِ دفاع نے ایک بیان میں اعلان کیا کہ ملک کی رائل ایئر فورس نے ‘کئی ایرانی ڈرونز’ کو مار گرایا ہے ۔بیان میں کہا گیا ہے کہ برطانوی ٹائفون اور ایف35 طیارے مشرقی بحیرہ روم، اردن، بحرین اور عرب امارات کے اوپر دفاعی مشن جاری رکھیں گے ۔ ایرانی فوج نے سعودی عرب اور کویت میں اڈوں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ، ایرانی پاسداران انقلاب کے مطابق اس نے سعودی عرب کے پرنس سلطان فضائی اڈے (الخرج) اور کویت کے العدیری بیس کو نشانہ بنانے کے لیے ڈرون حملے کیے ہیں۔ ادھر قطر پر بھی حملے کئے گئے ہیں، قطری وزارت دفاع کے مطابق ایرانی ڈرونز کو مارگرایاگیا ہے ۔اردن پر ایرانی میزائل اور ڈرونز حملوں میں دو افراد زخمی ہوگئے ۔