افغانستان دہشتگردوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ ،سری لنکن جریدہ
طالبان رجیم فتنہ الخوارج کو افغانستان میں سازگارماحول فراہم کر رہی
اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر) افغان طالبان رجیم کی سرپرستی میں پنپتی دہشتگردی خطے کے امن واستحکام کے سنگین خطرہ ، افغانستان دہشت گردوں کیلئے محفوظ پناہ گاہ بن چکا ،طالبان رجیم کی جانب سے فتنہ الخوارج سمیت عالمی دہشتگردتنظیموں کوافغانستان میں سازگارماحول فراہم کیا جارہا ہے ۔ سری لنکن جریدے سری لنکا گارڈین نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ دہشتگرد گروہ افغان سرزمین کو استعمال کرتے ہوئے سرحد پار پرتشدد کارروائیوں میں ملوث ہیں۔
رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ فتنہ الخوارج پاکستان پر حملوں میں براہِ راست ملوث ہے جبکہ القاعدہ اور داعش جیسے گروہ بھی افغانستان میں موجود ہیں۔ رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ افغان طالبان اور شدت پسند گروہوں کے درمیان تاریخی و نظریاتی روابط 2021 کے بعد کمزور ہونے کے بجائے مزید مضبوط اور خطرناک ہو ئے ۔ ماہرین کے مطابق طالبان رجیم کی جانب سے بارہا یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ افغان سر زمین کو دیگر ممالک کیخلاف استعمال نہیں ہونے دیا جائے گا تاہم عالمی ادارے ان دعوؤں کی تردید کر رہے ہیں۔