غیرقانونی گردہ پیوند کاری ،75سال قیدہونی چاہیے :جسٹس ہاشم
اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)سپریم کورٹ میں بطور پلاسٹک سرجن غیرقانونی کڈنی ٹرانسپلانٹ کرنے والے ڈاکٹر فواد ممتاز کے خلاف کیس کی سماعت ہوئی، جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیئے کہ ملزم کو75سال قید کی سزا ہونی چاہیے۔
عدالت کو بتایا گیا کہ سیکٹر بی -17 میں ڈاکٹر فواد ممتاز بغیر آپریشن تھیٹر کے غیرقانونی طور پر کڈنی ٹرانسپلانٹ کرتے ہوئے گرفتار ہوا تھا اور وہ اس سے قبل بھی ایسے مقدمات میں پکڑا جا چکا ہے ۔ جسٹس ہاشم کاکڑ نے سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا پلاسٹک سرجن کڈنی ٹرانسپلانٹ کیسے کر سکتا ہے ؟، یہ انتہائی پیچیدہ عمل ہے ، جبکہ ملزم عدالت بھی پیش نہیں ہوا۔ عدالت کوبتایا گیاکہ ملزم ضمانت پر ہے اور اس کے خلاف متعدد مقدمات زیر سماعت ہیں۔ جسٹس ہاشم کاکڑ نے ریمارکس دیئے کہ ڈاکٹر لوگوں کی کڈنی غائب کرتا ہے ، اسے خوفِ خدا کرنا چاہیے اور ایسے شخص کو طویل سزا ملنی چاہیے کیونکہ وہ غریب لوگوں کے ساتھ زیادتی کرتا ہے ۔ عدالت کو بتایا گیا کہ متاثرہ مریض تاحال زندہ ہیں۔ عدالت نے نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 23 اپریل تک ملتوی کر دی۔