کفایت شعاری :پنجاب نے اپنے حصے کی مکمل رقم وفاق کو دیدی
پونے 26ارب وفاقی حکومت کو بھجوا ئے گئے ، فنڈز کی درخواست کی گئی تھی:ذرائع دیگر صوبوں کی جانب سے بھی فنڈز فراہمی جاری ، یہ مثبت پیش رفت ہے :ماہرین
لاہور(محمد حسن رضاسے )حکومت پنجاب نے کفایت شعاری مہم کیلئے اپنے حصے کی مکمل رقم وفاق کو منتقل کر دی ۔ ذرائع محکمہ خزانہ کے مطابق پنجاب حکومت نے 25ارب 80کروڑ روپے وفاقی حکومت کو بھجوا دیئے ہیں جو پٹرولیم مصنوعات کی مد میں کفایت شعاری مہم کے تحت فراہم کئے گئے ہیں، وفاقی حکومت نے ملک بھر میں مالی دباؤ کم کرنے اور اخراجات کو کنٹرول میں رکھنے کیلئے کفایت شعاری مہم کا آغاز کرتے ہوئے تمام صوبوں کو اپنے اپنے حصے کے مطابق فنڈز فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔ اس حوالے سے پنجاب کا حصہ پہلے ہی وفاق کی جانب سے مقرر کر دیا گیا تھا، جسے صوبائی حکومت نے بروقت ادا کرتے ہوئے مرکز کے ساتھ مکمل تعاون کیا ۔
محکمہ خزانہ ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب حکومت نے طے شدہ شیئر کے مطابق پوری رقم وفاق کو منتقل کر دی جبکہ دیگر صوبوں کی جانب سے بھی فنڈز کی فراہمی کا عمل جاری ہے ۔ حکام کے مطابق اس اقدام کا مقصد قومی سطح پر مالی نظم و ضبط کو بہتر بنانا اور بڑھتے اخراجات کو قابو میں رکھنا ہے ۔ ذرائع نے مزید بتایا کہ پٹرولیم مصنوعات کی مد میں فراہم کی جانے والی یہ رقم دراصل حکومت کی جانب سے کئے گئے مالیاتی اقدامات کا حصہ ہے جس کے ذریعے توانائی کے شعبے میں بوجھ کم کرنے اور عوام پر پڑنے والے اضافی مالی دباؤ کو کسی حد تک متوازن کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ صوبوں کی جانب سے وفاق کو فنڈز کی بروقت فراہمی ایک مثبت پیش رفت ہے ، تاہم ضروری ہے کہ اخراجات میں حقیقی کمی اور وسائل کے موثر استعمال کو بھی یقینی بنایا جائے تاکہ کفایت شعاری مہم کے ثمرات عام شہری تک منتقل ہو سکیں۔