پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی ناقابل معافی :شہبازشریف
بیٹری توانائی سٹوریج سسٹم منصوبے اور برآمدات پر کام تیز کرنے کی ہدایت نیشنل ٹیرف کمیشن کیسز معینہ وقت میں نمٹائے ،ترکیہ عدالت کے صدر کی ملاقات
اسلام آباد(نامہ نگار،نیوز ایجنسیاں،مانیٹرنگ ڈیسک)وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ علاقائی صورتحال کی سنگینی کے پیش نظر پوری قوم مل کر پٹرول کی بچت اور کفایت شعاری کی مہم میں اپنا حصہ ڈالے ،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پٹرولیم مصنوعات ، توانائی کی بچت اور کفایت شعاری کے اقدامات کے نفاذ کے حوالے سے اہم جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا،وزیر اعظم نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی ذخیرہ اندوزی ناقابل معافی ہے اور اس مکروہ فعل میں ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی، وزیر اعظم نے کہا کہ مارکیٹس 8 بجے بند کرنے اور دیگر کفایت شعاری کے اقدامات کا مقصد نہ صرف قیمتی زر مبادلہ بچانا بلکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی کو یقینی بنانا بھی ہے ۔ اجلاس کو پنجاب، خیبر پختونخوا، بلوچستان، آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور اسلام آباد میں آج سے نافذ العمل بازار اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند کرنے کے حوالے سے کئے گئے انتظامات پر بریفنگ دی گئی اوربتایا گیا کہ مارکیٹس اور شاپنگ مالز رات کو 8 بجے بند کرنے کے حوالے سے سندھ حکومت کے ساتھ مشاورت جاری ہے ، بجلی فراہمی کے لیے طویل مدتی منصوبہ بندی اور حا لیہ بین الاقوامی صورتحال کے پیش نظر ملکی برآمدات کی پیشرفت کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا ہے کہ تیل کی رسد میں رکاوٹوں کے باوجود ملک میں توانائی کا بحران پیدا نہیں ہوا۔
بیٹری توانائی سٹوریج سسٹم کے منصوبے پر کام تیز کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ شمسی توانائی اور دیگر قابل تجدید توانائی کے ذرائع ہی بجلی شعبے کا مستقبل ہیں،وزیراعظم نے قابل تجدید توانائی کے ذرائع کو قومی سطح پر مزید وسعت دینے کے لیے جامع لائحہ عمل تشکیل دینے اور پی این ایس سی کو سمندری راستے سے ملکی برآمدات بڑھانے کیلئے بحری جہازوں کا انتظام کرنے کی ہدایت کی ۔دریں اثنا وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل ٹیرف کمیشن کی کارکردگی کو موثر اور بین الاقوامی معیار سے ہم آہنگ کرنے کے لئے اصلاحاتی اقدامات پر جائزہ اجلاس ہوا، وزیراعظم نے نیشنل ٹیرف کمیشن میں تمام کیسز معینہ وقت میں نمٹانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کمیشن سرمایہ کاروں اور صنعت کاروں کے لئے سہولت یقینی بنائے اور قانونی و دیگر پیچیدگیوں سے بچانے کے لئے خصوصی اقدامات کرے ،کیسز میں تاخیر کسی صورت قابل برداشت نہیں ، علاوہ ازیں وزیراعظم سے ترکیہ کی آئینی عدالت کے صدر قادر اوزقایا نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی ، اس موقع پر وزیر اعظم نے کہا کہ صدیوں پر محیط پاکستان اور ترکیہ کے برادرانہ تعلقات تیزی سے ایک جامع معاشی شراکت داری کی جانب گامزن ہیں، رانا مشہود احمد خان نے بھی وزیر اعظم سے ملاقات کی،وزیراعظم نے یوتھ پروگرام کے تحت جاری منصوبوں کی رفتار تیز کرنے اور نوجوانوں کو زیادہ سے زیادہ مواقع فراہم کرنے کے لئے کوششوں میں مزید اضافہ کرنے کی ہدایت کی ۔