سعودی عرب پر حملے،ایران کے تو سیع پسند انہ عزائم کا تاثر ناقابل قبول:فضل الرحمٰن

سعودی  عرب  پر  حملے،ایران  کے  تو  سیع   پسند انہ  عزائم  کا  تاثر  ناقابل  قبول:فضل  الرحمٰن

سعودی عرب پر حالیہ حملے مسلم امہ کو آپس میں دست وگریبان کرنے کا امریکی و اسرائیلی منصوبہ ،یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا آزادی اور خودمختاری کے اعلیٰ ترین قومی مقاصد کیلئے اسلامی بلاک کی تشکیل کی طرف جانا ہوگا، کور کمیٹی اجلاس سے خطاب

اسلام آباد (اپنے رپورٹرسے )جے یوآئی کے سربراہ مولانا فضل الر حمن کے زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں مولانا عبدالغفور حیدری، انجینئر ضیاء الر حمن ، سینیٹر کامران مرتضٰی، علامہ راشد محمود سومرو، مولانا اسعد محمود، ملک سکندر ایڈووکیٹ ، مفتی ابرار اوردیگر رہنمائوں نے شرکت کی ۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ ہم نے روز اول سے امریکی پشت پنا ہی میں اسرائیل کی فلسطینیوں کے خلاف جارحیت اور فلسطین سے آگے عرب دنیا اور ایران تک اس کے توسیع پسندانہ عزائم کی بھرپور اور غیر مبہم مخالفت کی لیکن خلیجی ریاستوں بالخصوص سعودی عرب پر حملوں کے نتیجے  میں ایران کے بارے میں پیدا ہونے والے توسیع پسندانہ عزائم کا تاثر بھی مسلم دنیا اور بالخصوص پاکستان کے لیے ناقابل قبول ہے اور ایران کو اس تاثر کو زائل کرنے کے لئے اقدامات اٹھانے چاہئیں کیونکہ پاکستان کی نظر میں یہ حملے غیر ضروری کشیدگی بڑھانے اور امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کا سبب بن رہے ہیں سعودی عرب پر حالیہ حملے مسلم امہ کو آپس میں دست وگریبان کرنے کا امریکی و اسرائیلی منصوبہ ہے ہم بار بار اس کی نشاندہی کررہے ہیں کہ اسلامی ممالک کو آپس میں تحمل اور برداشت کے ساتھ اسرائیل کے خلاف یکجہتی کا مظاہرہ کرنا ہوگا اور اپنی آزادی وحریت اور خودمختاری کے اعلیٰ ترین قومی اور ملی مقاصد کے حصول کے لئے ایک اسلامی بلاک کی تشکیل کی طرف جانا ہوگا جہاں اسلامی دنیا سیاسی اقتصادی اور معاشی میدانوں میں ایک دوسرے کا سہارا بن سکے ،ہم ان حملوں کو سعودی عرب کی خودمختاری اور سالمیت کی سنگین خلاف ورزی سمجھتے ہوئے ان میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کرتے ہوئے سعودی قیادت وحکومت، عوام اور متاثرہ خاندانوں سے تعزیت کا اظہارکرتے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں