سینیٹ:پٹرولیم قیمتوں پر احتجاج، اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

سینیٹ:پٹرولیم قیمتوں پر احتجاج، اضافہ واپس لینے کا مطالبہ

پٹرولیم مہنگائی پر عوامی مشکلات بڑھ گئیں، سیاسی بات چیت ضروری:اپوزیشن لیڈر اسلام آباد میں تجاوزات کیخلاف آپریشن کے معاملہ پر دو وفاقی وزرا آمنے سامنے آگئے

اسلام آباد (اپنے رپورٹر سے )سینیٹ میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے کے خلاف اپوزیشن نے شدید احتجاج کرتے ہوئے حکومت سے فوری طور پر اضافہ واپس لینے اور عوام کو ریلیف دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ اجلاس کی صدارت ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سیدال خان ناصر نے کی، جبکہ قائداعظم یونیورسٹی (ترمیمی) بل 2026 اور ہائر ایجوکیشن کمیشن (ترمیمی) بل 2026 ایوان میں پیش کر کے متعلقہ قائمہ کمیٹیوں کے سپرد کر دیے گئے ۔قائد حزب اختلاف  علامہ راجہ ناصر عباس نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پٹرولیم قیمتوں میں اضافہ عوام کیلئے ناقابل برداشت ہو چکا ہے ، متوسط طبقہ شدید دباؤ کا شکار ہے اور ٹرانسپورٹ سمیت روزمرہ اخراجات میں غیر معمولی اضافہ ہو رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں حکومت اور اپوزیشن کو مل کر عوامی مشکلات کا حل نکالنا چاہیے ۔ ان کا کہنا تھا کہ عالمی حالات کے اثرات ضرور ہیں مگر اندرونی پالیسیوں کو بھی بہتر بنانا ہوگا۔ایوان میں اسلام آباد میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے معاملے پر دو وفاقی وزرا آمنے سامنے آگئے ۔ وزیر پارلیمانی امور طارق فضل چودھری نے کہا کہ تجاوزات کے خلاف کارروائی میں دہرا معیار اپنایا جا رہا ہے اور اس میں انتظامیہ کی غفلت یا ملی بھگت شامل ہو سکتی ہے ۔ وزیر مملکت داخلہ طلال چودھری نے مؤقف اختیار کیا کہ غیر قانونی تعمیرات کے خلاف بلا امتیاز کارروائی جاری ہے اور کسی کو رعایت نہیں دی جائے گی۔ وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے کہا کہ تجاوزات کے خاتمے کیلئے شفاف اور منصفانہ میکنزم وضع کرنا ضروری ہے تاکہ کسی کے ساتھ ناانصافی نہ ہو۔اجلاس کے دوران ایکسپورٹ فیسلٹیشن سکیم میں بے ضابطگیوں کی رپورٹ بھی پیش کی گئی جس کے مطابق دو برسوں میں 10.9 ارب روپے کی مالی بے قاعدگیاں سامنے آئیں جبکہ 107 کیسز رپورٹ ہوئے ۔ رپورٹ کے مطابق 959 ملین روپے کی ریکوری کی گئی اور غلط استعمال کی شرح 5.57 فیصد رہی۔وقفہ سوالات کے دوران گاڑیوں کی قیمتوں میں اضافے کا معاملہ بھی زیر بحث آیا جبکہ مختلف ارکان نے مہنگائی کے اثرات پر تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں شیری رحمان سے ان کی بیٹی کے انتقال پر تعزیت بھی کی گئی اور مرحومہ کیلئے فاتحہ خوانی کی گئی، بعد ازاں اجلاس آج سہ پہر تین بجے تک ملتوی کر دیا گیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں