جڑواں شہر:تاجروں نے 8بجے کاروبار بندش کا فیصلہ مسترد کر دیا

جڑواں شہر:تاجروں نے 8بجے کاروبار بندش کا فیصلہ مسترد کر دیا

گرمیوں میں آٹھ بجے مغرب، ملازمین اس کے بعد ہی خریداری کیلئے جاتے حکومت بجلی بچانا چاہتی، رات کو کرکٹ میچ کرانا دوغلا پن:اجمل بلوچ و دیگر

اسلام آباد، راولپنڈی (اپنے رپورٹرسے ، نیوز رپورٹر) جڑواں شہروں کے تاجروں نے رات 8بجے کاروبار بند کرنے کا فیصلہ مسترد کر دیا اور کہا گرمیوں میں آٹھ بجے مغرب ہو جاتی ہے ، ملازمین مغرب کے بعد ہی خریداری کیلئے دکانوں پر جاتے ہیں۔ آل پاکستان انجمن تاجران کے صدر اجمل بلوچ نے کہا اسلام آباد کی تاجر برادری آٹھ بجے کاروبار کی بندش کا فیصلہ مسترد کرتی ہے ۔ سر شام کاروبار بند کرنا ممکن نہیں ۔ بجلی سپلائی کمپنیاں شام 5 بجے سے رات گیارہ بجے تک مہنگی ترین بجلی تاجروں کو فروخت کرتی ہیں، فیصلے سے آئیسکو کو اربوں روپے کا نقصان ہوگا۔ حکومت تاجروں سے بجلی کی بچت کرانا چاہتی ہے خود پی ایس ایل کرکٹ میچ رات کو کرا رہی جو دوغلا پن ہے ۔ میچ دن میں کرائیں تاجر دکانوں کے بورڈ بند کر دیں گے ۔ مارکیٹوں کے نمائندوں نے مطالبہ کیا کہ تمام کاروباروں کی بندش کیلئے رات 10بجے کا وقت مقرر کیا جائے ۔ ادھر وائس چیئرمین انجمن تاجران کمرشل مارکیٹ حماد قریشی نے حکومت کا منی لاک ڈاؤن کا فیصلہ مسترد کرتے ہوئے کہا حکمران اپنی شاہ خرچیاں ختم کرنے کے بجائے غریب عوام اور تاجر برادری پر ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ۔ یہ فیصلہ تاجر دشمن پالیسی ہے جو کسی صورت قبول نہیں۔ اگر یہ ظالمانہ فیصلے واپس نہ لیے گئے تو ملک بھر میں بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں