حج آپریشن کا آج سے دوسرا مرحلہ ، تمام امور ایک روز میں مکمل
عازمین کو ایک ہی چھت تلے تربیت ویکسی نیشن تمام سہولیات فراہم کی جائینگی عازمین اصل قومی شناختی کارڈ ، تصویر والی کمپیوٹرائزڈ بینک رسید لازمی ہمراہ لائیں
اسلام آباد(سید قیصر شاہ) حج آپریشن کے دوسرے مرحلے کا باقاعدہ آغاز آج سے ہوگا ،جس میں اسلام آباد، لاہور، کراچی، پشاور، کوئٹہ، فیصل آباد، ملتان، سیالکوٹ، سکھر اور رحیم یار خان کے حاجی کیمپ فعال رہیں گے ، رواں سال فریضہ حج کی سعادت حاصل کرنے والے خوش نصیب عازمین کی آسانی کیلئے ملک بھر کے تمام 10حاجی کیمپوں میں وزارت مذہبی امور نے سمیت تمام سہولیات فراہم کرنے کا اعلان کردیا ،اب ملک بھر کے 10 حاجی کیمپوں میں تربیت، ویکسی نیشن اور سفری دستاویزات کی فراہمی سمیت تمام امور ایک ہی دن میں مکمل کئے جائیں گے ۔ فیصلے کا مقصد عازمین کے سفری اخراجات اور وقت کی بچت ہے جس سے مجموعی طور پر1لاکھ 19 ہزار عازمینِ حج مستفید ہوں گے ۔ون ونڈو آپریشن کے تحت عازمین کو ایک ہی چھت تلے حج تربیت لازمی ویکسی نیشن کے ساتھ ساتھ ہوائی ٹکٹ، ویزا، شناختی لاکٹ، ٹیگز اور ادویات کی پیکنگ جیسی تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی تاکہ انہیں بار بار دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں ، عازمین کے لیے ویکسی نیشن اور تربیتی سیشن کا مکمل شیڈول ''پاک حج ایپ'' پر فراہم کر دیا گیا ،وزارت نے عازمین کو سختی سے ہدایت کی ہے کہ وہ حاجی کیمپ آمد کے وقت اپنا اصل قومی شناختی کارڈ اور تصویر والی کمپیوٹرائزڈ بینک رسید لازمی ہمراہ لائیں جبکہ عازمین کی سہولت کے لئے کیمپوں میں کرنسی کے تبادلے کے لئے بینکوں کے خصوصی کاؤنٹرز بھی قائم کر د ئیے گئے ۔