وفاق ،پنجاب کا لائیوسٹاک سیکٹر کی ترقی کیلئے مشترکہ حکمتِ عملی پر اتفاق

 وفاق ،پنجاب کا لائیوسٹاک سیکٹر کی ترقی کیلئے مشترکہ حکمتِ عملی پر اتفاق

جدید فارمنگ، بہتر بریڈنگ سسٹم جانوروں کی صحت کے مضبوط ڈھانچے کی ضرورت لائیوسٹاک سیکٹر کو مزید مضبوط، پائیدار اور عالمی سطح پر مسابقتی شعبہ بنایا جائیگا ،وزرا کا عزم

 اسلام آباد(نامہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ و تحقیق رانا تنویر حسین کی زیر صدارت ایک اعلی سطح اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزیر زراعت و لائیوسٹاک پنجاب سید محمد عاشق حسین شاہ کرمانی نے شرکت کی۔ اجلاس میں پاکستان کے لائیوسٹاک اور ڈیری سیکٹر کی ترقی کے لئے مربوط حکمتِ عملی پر تفصیلی غور کیا گیا ، اجلاس میں دونوں وزرا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ وفاق اور صوبوں کے درمیان پالیسی ہم آہنگی ایک منظم اور برآمدات پر مبنی لائیوسٹاک سیکٹر کے قیام کے لئے ناگزیر ہے ۔ وفاقی وزیر نے اس بات پر زور دیا کہ لائیوسٹاک کا شعبہ زرعی معیشت کا ایک بنیادی ستون ہے اس میں ترقی، روزگار اور برآمدات کے بے پناہ مواقع موجود ہیں ،انہوں نے واضح کیا کہ اس شعبے میں موثر اصلاحات اور عملدرآمد صوبوں بالخصوص پنجاب کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں ۔وفاقی وزیر نے اس عزم کا اظہار کیا کہ وزارت بین الصوبائی ہم آہنگی پالیسی معاونت کے ساتھ ساتھ لائیوسٹاک سیکٹر کی جدید کاری کے لئے مشترکہ اقدامات کو آگے بڑھائے گی۔صوبائی وزیر نے پنجاب حکومت کے اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے بتایا کہ لائیوسٹاک کارڈ کے ذریعے کسانوں کو بلاسود قرضوں کی سہولت فراہم کی جا رہی ہے تاکہ وہ جانور خرید سکیں ، انہوں نے جدید فارمنگ، بہتر بریڈنگ سسٹم اور جانوروں کی صحت کے مضبوط ڈھانچے کی ضرورت پر زور دیا تاکہ اس شعبے کی مکمل صلاحیت کو بروئے کار لایا جا سکے اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ باہمی تعاون کے ذریعے پاکستان کے لائیوسٹاک سیکٹر کو ایک مضبوط، پائیدار اور عالمی سطح پر مسابقتی شعبہ بنایا جائے گا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں