صدر سے کیوبا، ایتھوپیا، پرتگال ،سپین تنزانیہ کے نامزد سفرا ،سنگاپور کے ہائی کمشنر کی ملاقات ،سفارتی اسناد پیش کیں
اسلام آباد ( سٹاف رپورٹر ،وقائع نگار )صدر مملکت آصف علی زرداری کو کیوبا، ایتھوپیا، پرتگال ،سپین اور تنزانیہ کے نامزد سفیروں جبکہ سنگاپور کے نامزد ہائی کمشنر نے ایوانِ صدر میں ملاقات کر کے سفارتی اسناد پیش کیں۔
صدر نے سفیروں کو پاکستان میں سفارتی ذمہ داریوں کے آغاز پر مبارکباد دیتے ہوئے نیک تمنائو ں کا اظہار کیا ، ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق کیوبا کے نامزد سفیر ڈیمین کورڈیرو ٹورس سے ملاقات کے دوران صدر نے دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ ،دوستانہ تعلقات کی توثیق کی ،ایتھوپیا کے نامزد سفیر ڈاکٹر عمر حسین اوبا سے ملاقات میں صدر نے اسلام آباد میں ایتھوپیا کے سفارتخانے کے قیام اور براہِ راست پروازوں کی بحالی کا خیرمقدم کیا ،پرتگال کے نامزد سفیر پالو میگوئل گوئیدس دومینگش سے ملاقات میں صدر نے پرتگال کے ساتھ دوطرفہ ،یورپی یونین کے فریم ورک کے تحت تعلقات کی اہمیت پر زور دیا ،سپین کے نامزد سفیر کارلوس آراگون گل دے لا سرنا سے ملاقات میں صدر نے سفارتی تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے کے سنگِ میل کا ذکر کیا اور کثیرالجہتی نظام کے لئے سپین کے عزم کو سراہا ،تنزانیہ کے نامزد سفیر لیفٹیننٹ جنرل (ر) یعقوب حسن محمد سے گفتگو میں صدر نے تنزانیہ اور مشرقی افریقی برادری کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا ،سنگاپور کے نامزد ہائی کمشنر اسحاق بن اسماعیل سے ملاقات میں صدر نے سنگاپور کو ایک اہم علاقائی شراکت دار قرار دیتے ہوئے تجارت، فن ٹیک، انفراسٹرکچر اور خدمات کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے امکانات کو اجاگر کیا ، ایوان صدر آمد پر سفیروں کو گارڈ آف آنر پیش کیا گیا ،سفیروں نے سفارتی اسناد پیش کرنے سے قبل پریڈ کا معائنہ کیا۔