عمران خان سے وکیل کی ملاقات:ہنگامہ آرائی پر پی ٹی آئی ارکان اسمبلی سمیت 1400 افراد پر مقدمہ
سلمان صفدر کی 50منٹ تک ملاقات،میڈیا سے گفتگو کئے بغیر روانہ،مقدمہ میں علمیہ خان سمیت تینوں بہنیں بھی نامزد شفیع جان، سمابیہ طاہر ، شاہد خٹک ، مینا خان پر بھی مقدمہ ،9اہلکاروں کو زخمی کرنیکا الزام،41افراد گرفتار،8روزہ جسمانی ریمانڈ منظور
راولپنڈی(خبر نگار)اسلام آ باد ہائیکورٹ کے حکم پر عمران خان کے ساتھ انکے وکیل بیرسٹر سلمان صفدر کی ملاقات کروادی گئی، بیرسٹر سلمان صفدر کی عمران خان سے ملاقات 50 منٹ تک جاری رہی ، اس مقصد کیلئے بانی پی ٹی آئی کو سیل سے کانفرنس روم میں لایا گیا ،بیرسٹر سلمان صفدر ملاقات کے بعد بغیر میڈیا سے گفتگو کے واپس روانہ ہو گئے ،یاد رہے کہ القادر ٹرسٹ کیس میں سلمان صفدر نے بانی سے مشاورت کیلئے عدالت سے ملاقات کی استد عا کی تھی،بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کے بعدبیرسٹر سلمان صفدر نے ملاقات کا احوال سماجی رابطے کی سائٹ ایکس پر جاری کر دیا، ان کے ٹویٹ میں کہا گیا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو کتب ٹی وی تک رسائی ممکن نہیں، بشریٰ بی بی اور بانی کو چوبیس گھنٹے قید تنہائی میں رکھا جا رہا ہے ، بانی صحت مند اور غیر معمولی طور مضبوط تھے آنکھوں کی پیچیدگی بدستور قائم ہے ، علاج مزید دو ہفتے جاری رہے گا، بشری ٰبی بی کو درخواستوں اور عدالتی احکامات کے باوجود سیل سے بلا کر وکیل/موکل ملاقات میں شامل نہیں کیا گیا تاکہ اہم ہدایات لی جا سکیں ۔دریں اثنا اڈیالہ روڈ پر ہنگامہ آرائی پرتھانہ صدر بیرونی پولیس نے عمران خان کی بہنوں اور ارکان قومی وصوبائی اسمبلی سمیت 1400 افراد کے خلاف انسداد دہشت گردی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
پولیس کی مدعیت میں درج مقدمہ میں اقدام قتل، پولیس سے مزاحمت کی دفعات شامل کی گئی ہیں، ایف آئی آر میں بانی کی تینوں بہنوں علیمہ خانم، ڈاکٹر عظمیٰ، نورین نیازی، ایم این اے شاہد خٹک، ایم پی اے مینا خان، ایم این اے شفقت اعوان ترجمان کے پی کے حکو مت شفیع جان، سمابیہ طاہر سمیت 1400 نامعلوم ملز موں کو نامزد کیا گیا ہے ، ایف آئی آر کے مطابق ملز موں نے پتھرائو کرکے 9 پولیس اہلکاروں کو زخمی کیا ،موقع سے 41 افراد کو حراست میں لیا گیا ، پولیس نے فرار ہونے والے ملز موں کی 13 گاڑیاں بھی تحویل میں لے لیں ، گاڑیوں سے پٹرول، شیشے کی بوتلیں، روئی، ماچس اور دیگر اشیاء برآمد کی گئی ہیں ،ادھر پولیس نے اڈیالہ روڈ پر پرتشدد ہنگامہ آرائی ،پولیس سے مزاحمت کے دوران گرفتار 41 پی ٹی آئی کار کنوں کو عدالت پیش کردیا ، پولیس نے 20 دن کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی جسے مسترد کر دیا گیا،عدالت نے 8 یوم کا جسمانی ریمانڈ منظور کرتے ہوئے ملزموں کو 16 اپریل کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم دیدیا،پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ دفعہ 144 کے نفاذ کے باجود ملز موں نے اڈیالہ روڈ پر مجمع اکٹھا کیا ،منتشر ہونے کیلئے پولیس نے وارننگ دی تو ملزموں نے پتھرائو کر کے 9 پولیس اہلکاروں کو زخمی کر دیا تھا۔