جنگ بندی کرانے پر پاکستان بھر میں یومِ تشکر منایا گیا

جنگ بندی کرانے پر پاکستان بھر میں یومِ تشکر منایا گیا

مذہبی جماعتوں کی لاہور، دیگر شہروں میں ریلیاں، اجتماعات میں دعائیں فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانا قیادت کی بڑی کامیابی:مولانا زاہد قاسمی

لاہور (سیاسی نمائندہ، نیوز ایجنسیاں) امریکا، ایران جنگ بندی میں پاکستان کے کردار پر ملک بھر میں یومِ تشکر منایا گیا، مذہبی جماعتوں اور تنظیموں کے زیر اہتمام لاہور سمیت مختلف شہروں میں ریلیاں نکالی گئیں جبکہ جمعہ کے اجتماعات میں خطے میں قیام امن کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔تفصیلات کے مطابق مرکزی علماء کونسل پاکستان کے زیر اہتمام لاہور، گوجرانوالہ، راولپنڈی، جھنگ، کراچی، پشاور، کوئٹہ، مظفرآباد اور سکردو سمیت مختلف شہروں میں یومِ تشکر منایا گیا۔ خطبات جمعہ میں علماء نے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے جنگ بندی کے تسلسل اور خطے میں پائیدار امن کیلئے دعائیں کیں۔چیئرمین مرکزی علماء کونسل پاکستان صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی نے فیصل آباد میں اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی انتھک سفارتی کاوشوں کے نتیجے میں نہ صرف کشیدگی میں کمی آئی بلکہ ملک کا وقار بھی بلند ہوا، امید ہے یہ عارضی جنگ بندی مستقل امن میں تبدیل ہوگی۔سنی علماء کونسل پاکستان کی اپیل پر لاہور سمیت دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں۔ لاہور میں ریلی سے خطاب کرتے ہوئے رہنماؤں نے کہا کہ پاکستان کی سفارتکاری نے عالمی سطح پر امن کے قیام میں اہم کردار ادا کیا ہے اور پوری قوم اپنی افواج کے ساتھ کھڑی ہے ۔مرکزی مسلم لیگ کے زیر اہتمام لاہور، قصور، ننکانہ اور دیگر شہروں میں بھی یومِ تشکر ریلیاں نکالی گئیں جن میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ شرکاء نے قومی پرچم اٹھا رکھے تھے اور پاکستان کے حق میں نعرے لگائے ، مقررین نے حکومت اور پاک فوج کی سفارتی کامیابیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا۔جامع مسجد القادسیہ لاہور میں خطاب کرتے ہوئے مقررین کا کہنا تھا کہ پاکستان آج عالمی سطح پر ایک مؤثر کردار ادا کر رہا ہے اور خطے میں امن کیلئے اس کی کوششیں قابل تحسین ہیں۔جمعیت اہلحدیث پاکستان کی کال پر بھی ملک بھر کی مساجد میں یومِ تشکر منایا گیا، رہنماؤں نے کہا کہ کشیدگی کے خاتمے اور امن کے قیام کیلئے پاکستان کی سفارتکاری قابل تعریف ہے ۔چنیوٹ، بہاولنگر اور دیگر شہروں میں بھی ریلیاں نکالی گئیں اور اجتماعات میں ملکی سلامتی، استحکام اور خطے میں دیرپا امن کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں