آج سے 17 اپریل تک بارش کا نیا سلسلہ، الرٹ جاری

 آج سے 17 اپریل تک بارش  کا نیا سلسلہ، الرٹ جاری

اسلام آباد(خصوصی نیوز رپورٹر،اے پی پی)نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے ملک بھر میں ممکنہ موسمی صورتحال کے پیش نظر الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج 12 اپریل سے 17 اپریل تک پنجاب، خیبر پختونخوا، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں وقفے وقفے سے بارشوں کا امکان ہے۔۔۔

 تاہم سندھ اور بلوچستان میں موسم گرم اور خشک رہنے کے ساتھ درجہ حرارت میں معمول سے قدرے زیادہ اضافہ اور بالائی علاقوں میں آئندہ ہفتے برفباری متوقع ہے ۔ پنجاب اور پختونخوا کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی، طوفان اور بعض مقامات پر ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے ،پنجاب میں لاہور، مری، راولپنڈی، اٹک سمیت دیگر شہروں میں 13 سے 17 اپریل کے دوران وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے ، پہاڑی علاقوں میں برفباری اور مسلسل بارش کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ بڑھ سکتا ہے ۔این ڈی ایم اے نے تمام صوبائی اور ضلعی اداروں کو ممکنہ موسمی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کر دی ۔ محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہا جبکہ زیریں خیبر پختونخوا، شمالی بلوچستان ،جنوبی/وسطی پنجاب اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں