وزارتِ اطلاعات کا میڈیا سینٹر صحافیوں کی داد سمیٹنے میں کامیاب

 وزارتِ اطلاعات کا میڈیا سینٹر صحافیوں کی داد سمیٹنے میں کامیاب

حکومت نے سازگار ماحول احسن انداز میں یقینی بنایا، ماریہ سلطان ، دنیز کلیسلی و دیگر جامع حکمت عملی کے تحت میڈیا نمائندگان کو ہر ممکن سہولت دی گئی،سیکرٹری اطلاعات

 اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان اور بیرونِ ملک سے آئے صحافیوں نے وزارتِ اطلاعات و نشریات کی جانب سے جناح کنونشن سینٹر میں قائم جدید میڈیا فسیلیٹیشن سینٹر کو سراہتے ہوئے اسے عالمی معیار کا حامل قرار دیا ہے ۔ یہ مرکز امریکہ اور ایران کے درمیان جاری اعلیٰ سطحی جنگ بندی مذاکرات کے موقع پر قائم کیا گیا ہے جہاں میڈیا نمائندگان کے لیے جامع اور مؤثر سہولیات فراہم کی گئی ہیں۔ شرکاء نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے اعلیٰ سطح بین الاقوامی مذاکرات کے دوران میڈیا کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی انتہائی اہمیت کی حامل ہوتی ہے جسے حکومت پاکستان نے احسن انداز میں یقینی بنایا۔وفاقی سیکرٹری اطلاعات و نشریات اشفاق احمد خلیل نے بتایا کہ یہ مرکز وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کی ہدایات پر ہنگامی بنیادوں پر قائم کیا گیا۔

انہوں نے کہا کہ ایک جامع حکمت عملی کے تحت میڈیا نمائندگان کو ہر ممکن سہولت فراہم کی گئی جس میں شٹل سروس، ورک اسپیس، تیز رفتار انٹرنیٹ اور تکنیکی معاونت شامل ہیں۔ دفاعی تجزیہ کار ماریہ سلطان نے اس اقدام کو ایک اہم کامیابی قرار دیتے ہوئے کہا کہ مرکز میں میڈیا، دفاعی ماہرین اور دیگر متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے لیے ایک جامع اور شفاف ماحول فراہم کیا گیا ہے ۔ ترک صحافی دنیز کلیسلی اوغلو نے کہا کہ یہ ان کا پاکستان کا پہلا دورہ ہے اور یہاں کا تجربہ نہایت مثبت رہا ہے ۔ انہوں نے مرکز کو منظم قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہاں سٹوڈیوز، ورک سپیسز اور پریس بریفنگ ہالز جیسی جدید سہولیات دستیاب ہیں ،پاکستانی سینئر صحافی غریدہ فاروقی نے کہا کہ میڈیا فسیلیٹیشن سینٹر کی ڈیزائننگ، فعالیت اور سہولیات عالمی معیار کے مطابق ہیں ۔سینئر صحافی شہباز رانا نے کہا کہ اس قسم کے انتظامات عالمی سطح پر پاکستان کا مثبت تاثر اجاگر کرنے میں مددگار ثابت ہوتے ہیں ۔ حسن ایوب اور عامر الیاس رانا نے بھی ڈیجیٹل انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ سہولیات اور تکنیکی معاونت کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان عوامل نے رپورٹنگ کے عمل کو نہایت مؤثر اور ہموار بنا دیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں