آبنائے ہرمز سے دیوقامت کنٹینر جہاز کراچی میں لنگر انداز
کراچی(کامرس رپورٹر)پاکستان کا ایک اور بڑا کارنامہ سامنے آگیا، آبنائے ہرمز سے دیو قامت کنٹینر جہاز باحفاظت کراچی پورٹ پر برتھ کردیا گیا ہے، آبنائے ہرمز میں حالیہ رکاوٹوں کے باعث متاثر ہونے والی بحری تجارت کے تناظر میں پاکستان کیلئے انتہائی اہم پیشرفت سامنے آئی ہے۔۔۔
جہاں کنٹینر بردار جہاز ایم وی سیلن کراچی بندرگاہ پر لنگر انداز ہوا ہے، مذکورہ جہاز این ایل سی (اے پی لائن) کے زیرانتظام جبل علی سے کراچی پہنچا ہے اور اسے خطے میں کنٹینرائزڈ تجارت کی بحالی کی مثبت علامت قرار دیا جارہا ہے ۔ آبی ماہرین کے مطابق جہاز کی آمد سے بحری ترسیلی نظام پر اعتماد میں اضافہ ہوگا، جبکہ درآمدی و برآمدی سرگرمیوں کے تسلسل کو بھی تقویت ملے گی۔ حالیہ جغرافیائی صورت حال کے باعث شپنگ سیکٹر کو درپیش خدشات کے باوجود بندرگاہ، شپنگ کمپنیوں اور لاجسٹکس اداروں کے باہمی تعاون سے کارگو آپریشنز کو بلا تعطل جاری رکھا گیا، حکام کا کہنا ہے کہ کراچی بندرگاہ پر کنٹینر جہاز کی آمد اس امر کی غماز ہے کہ سپلائی چین معمول پرلانے کیلئے متعلقہ ادارے فعال کردار ادا کر رہے ہیں، جس سے ملکی تجارت اور صنعتی سرگرمیوں کو سہارا ملے گا۔