سکھ یاتریوں کی ننکانہ صاحب میں مختلف مقدس مقامات کی یاترا

 سکھ یاتریوں کی ننکانہ صاحب میں مختلف مقدس مقامات کی یاترا

یاتریوں نے مختلف گورودواروں میں حاضری دی اور مذہبی رسومات ادا کیں گورودوارہ سری کیارہ صاحب کی بحالی و تزئین منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا گیا

 ننکانہ صاحب (خبر نگار)بیساکھی میلہ اور 327ویں خالصہ جنم دن کی تقریبات کے سلسلے میں پاکستان آئے سکھ یاتریوں نے اپنے دورے کے دوسرے روز ننکانہ صاحب میں مختلف مقدس مقامات کی یاترا کی ،یاتریوں نے گورودوارہ سری کیارہ صاحب، گورودوارہ تنبو صاحب، گورودوارہ بال لیلاصاحب، گورودوارہ پٹی صاحب اور گورودوارہ مالجی صاحب کے ساتھ ساتھ گورودوارہ کیارہ صاحب میں بھی حاضری دی اور مذہبی رسومات ادا کیں۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز متروکہ وقف املاک بورڈ ناصر مشتاق نے انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہا کہ حکومت پاکستان کی ہدایات کے مطابق سکھ یاتریوں کو فول پروف سکیورٹی، بہترین سفری سہولیات، رہائش اور طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے ،گورودوارہ جنم استھان میں یاتریوں کے قیام کیلئے بہترین انتظامات کئے گئے ہیں۔

حکومت پاکستان نے 2800 ویزے جاری کئے لیکن بھارتی حکومت نے 600 سکھ یاتریوں کو پاکستان آنے کی اجازت نہیں دی ۔دوسری جانب صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ اور ناصر مشتاق نے گورودوارہ سری کیارہ صاحب کی بحالی و تزئین و آرائش کے منصوبے کا سنگ بنیاد رکھ دیا ،اس رہائشی منصوبے کے تحت 40 کمروں پر مشتمل جدید رہائشی کمپلیکس تعمیر کیا جائے گا ،تقریب میں بھارت سمیت دنیا بھر سے آئے سکھ یاتریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔سکھ یاتریوں نے پاکستان میں انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے بہترین سہولیات، سکیورٹی اور مہمان نوازی پر حکومت پاکستان اور متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انہیں ہمیشہ عزت اور روحانی سکون حاصل ہوتا ہے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں