ایران، امریکا مذاکرات پرڈیڈ لاک ، ختم نہیں ہوئے :گورنر پنجاب
دونوں کو ایک میز پر بٹھا نا بہت بڑی کامیابی ، پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے مذاکرات دوبارہ کسی وقت بھی شروع ہو سکتے :سلیم حیدر، ساہیوال میں خطاب
ساہیوال(خبرنگار، نامہ نگار) گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہاہے کہ ایران، امریکا مذاکرات ختم نہیں ہوئے ڈیڈ لاک ضرور آیا ہے ۔ سیز فائر جاری ہے ۔ مذاکرات کسی وقت دوبار ہ بھی شروع ہو سکتے ہیں ۔ امریکا کا سابقہ کردار یہ بھی رہا ہے کہ مذاکرات کے دوران حملہ کردیا ، لیکن ابھی صورتحال مختلف ہے ۔ امریکا کو خرابی کی طرف اسرائیل لے جاتاہے اور اسرائیل کی کوشش ہے کہ جنگ بندی نہ ہو ۔ایران امریکا جنگ میں دنیا تباہی کے دہانے پر تھی اور دونوں کو پاکستان نے ایک میز پر بٹھا دیا جو پاکستان کی بہت بڑی کامیابی ہے ۔صدرآصف علی زرداری کی قیادت میں وزیراعظم شہبازشریف اور فیلڈ مارشل محمدعاصم منیر اور ان کی ٹیم کو مبارکباد پیش کرتاہوں ۔ ان کی وجہ سے پاکستان کے وقار میں اضافہ ہوا ہے اور پوری دنیا نے پاکستان کے اقدام کو سراہا ہے ۔وہ یہاں پیپلزپارٹی کے ضلعی صدر محمدذکی چودھری کی رہائش گاہ پر ایک پریس کانفرنس سے خطاب کررہے تھے ۔ اس موقع پر سابق وفاقی وزیر مملکت مہر غلام فرید کاٹھیا، چودھری شفقت جاوید، چودھری سرمد شفقت ،مہر آصف علی کاٹھیا سمیت دیگر مقامی قائدین و کارکن بھی موجود تھے ۔ ایک سوال کے جواب میں گورنر نے کہاکہ جہاں پر صدر آصف علی زرداری کی ضرورت ہو گی وہ بھی آئیں گے ۔ گورنر کا عہدہ ایک آئینی عہدہ ہے یہ سیٹ مستقل نہیں ہوتی ،ساہیوال کے صحافیوں کیلئے ہائوسنگ کالونی پر پیشرفت کیلئے متعلقہ حکام سے بات کرینگے ۔