اسلام آباد مذاکرات تاریخی لمحہ، پاکستان کی کامیابی:مریم اورنگزیب
شہباز شریف، عاصم منیر اور اسحاق ڈار کو خراجِ تحسین، عالمی اعتماد میں اضافہ ہوا پاکستان نے خود کو غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد امن مذاکرات کار کے طور پر منوایا
لاہور (نیوزایجنسیاں ، مانیٹرنگ ڈیسک) سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات کو تاریخی لمحہ قرار دیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور اسحاق ڈار کو خراجِ تحسین پیش کیا ہے ۔اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ اسلام آباد مذاکرات پاکستان کی سفارتی کامیابی کا واضح ثبوت ہیں۔ پاکستان نے دنیا پر ثابت کیا ہے کہ سفارت کاری ایک مسلسل عمل ہے جس میں بات چیت، مشغولیت اور مذاکرات کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
یہ پیشرفت علاقائی استحکام اور عالمی امن کو فروغ دے گی جبکہ یہ لمحہ قوم کے لیے باعثِ فخر ہے جو پاکستان کی پختگی، شائستگی اور ساکھ کو اجاگر کرتا ہے ۔ عالمی سطح پر پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے اور پاکستان نے خود کو غیر جانبدار اور قابلِ اعتماد امن مذاکرات کار کے طور پر منوایا۔ بین الاقوامی مہمانوں کے لیے کیے گئے انتظامات پاکستان کی مہمان نوازی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کا منہ بولتا ثبوت ہیں، پاکستان کا مستقبل مضبوط اور قومی مفاد کے تابع قیادت کے ہاتھوں میں ہے ۔