گوادر کے علاقے جیونی میں حملہ،3کوسٹ گارڈز شہید
اہلکاروں کوسمندر میں گشت پر نشانہ بنایاگیا،بی ایل اے نے ذمہ داری قبول کرلی کوئٹہ میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ، 2جاں بحق ،ہزارہ برادری کااحتجاج
گوادر،کوئٹہ(مانیٹرنگ ڈیسک،سٹاف رپورٹر) صوبہ بلوچستان کے ایران سے متصل سرحدی ضلع گوادر کے علاقے جیونی میں نامعلوم مسلح افراد کے حملے میں3کوسٹ گارڈز اہلکار شہیدہو گئے جبکہ کوئٹہ میں موٹر سائیکل سواروں کی فائرنگ سے 2افراد جاں بحق ،3 زخمی ہوگئے ۔مکران ڈویژن میں سینئر سرکاری اہلکار نے جیونی میں حملے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا واقعہ جیونی کی سمندری حدود میں پیش آیا۔ کوسٹ گارڈز اہلکار سمندرمیں معمول کے گشت پر تھے کہ نامعلوم افراد نے انہیں نشانہ بنایا ،حملے میں3 کوسٹ گارڈز شہید ہوگئے ۔ واقعے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا۔میڈیا پر بیان میں کالعدم عسکریت پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی نے اس واقعے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔ ادھرکوئٹہ کے نواحی علاقے ہزار گنجی سبزی منڈی کے قریب موٹر سائیکل سواروں کی لوڈر رکشے پر فائرنگ سے سبزی لانے کیلئے جانیوالے ہزارہ قبیلے کے 2 افراد موسی ٰ اورعلی جاں بحق اور 3 افراد جعفر،چمن علی اور رجب زخمی ہوگئے ۔ اطلا ع ملتے ہی پولیس او رسکیورٹی فورسز کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں ،علاقے کو گھیرے میں لیکر زخمیوں اور لاشوں کو بولان میڈیکل کمپلیکس ہسپتال منتقل کردیا ۔ واقعہ کے بعد ہزارہ برادری نے مشرقی بائی پاس پر رکاوٹیں رکھ کر احتجاج کیا ،ٹریفک معطل ہوگئی ۔وزیرا علیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی اور صوبائی وزیر داخلہ ضیا اللہ لانگو نے واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی جبکہ معاون برائے داخلہ حکومت بلوچستان ، ایس پی پولیس، اسسٹنٹ کمشنر نے مظاہرین سے مذاکرات کئے ، انصاف دلانے کی یقین دہانی پر مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔