کراچی میں دہشتگردی کیلئے گروہ منظم کرنے والا دہشتگرد گرفتار

کراچی میں دہشتگردی کیلئے گروہ منظم کرنے والا دہشتگرد گرفتار

نور عالم عرف وفادار کا تعلق فتنہ الخوارج سے ،قبضے سے اسلحہ، بارودی مواد ملا

کراچی (دنیا نیوز)کراچی کے سائٹ ایریا میں رینجرز اور سی ٹی ڈی نے مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے فتنہ الخوارج سے تعلق رکھنے والے مطلوب دہشت گرد نور عالم عرف وفادار کوگرفتار کر لیا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق دہشت گرد کے قبضے سے اسلحہ، ایمونیشن اور بارودی مواد برآمد کر لیا گیا۔ گرفتاردہشت گرد 2014 میں مفتی نور ولی گروہ میں شامل ہوا تھا جبکہ وہ جنوبی وزیرستان میں سکیورٹی فورسز پر حملوں میں بھی ملوث رہا۔ترجمان نے مزید بتایا کہ دہشت گرد کے 2021 میں لیویز چیک پوسٹ مکین پر حملے میں ملوث ہونے کا انکشاف بھی ہوا ہے ۔ حملے میں دہشت گرد کے 2 ساتھی ہلاک جبکہ 6 اہلکار اغوا کیے گئے تھے ۔ دہشت گرد آئی ای ڈیز نصب کرنے ، دھماکوں میں بھی ملوث رہا۔ علاوہ ازیں وہ آپریشن کے بعد افغانستان فرار ہو گیا جس کے بعد دہشت گردی نیٹ ورک سے بھی منسلک رہا۔ ترجمان رینجرز کے مطابق دہشت گرد کمانڈر بلال عرف طوفان کی ہدایات پر دہشت گردی سرگرمیوں میں شامل رہا، وہ کراچی میں روپوش ہو کر نیٹ ورک منظم کر رہا تھا ، تاہم دہشت گرد کے ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں۔انہوں نے بتایا کہ گرفتار دہشت گرد کو سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیا گیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں