اسلام آباد:سرچ آپریشن کے دوران افغانوں کا حملہ،4اہلکار زخمی،23افراد گرفتار

اسلام  آباد:سرچ  آپریشن  کے  دوران  افغانوں  کا  حملہ،4اہلکار  زخمی،23افراد  گرفتار

بغیر دستاویزات رہائشی 5افغانوں کی تھانہ منتقلی پر 50، 60افراد کا دھاوا، ایک اہلکار گھر میں بند، آگ لگا دی گئی سرکاری ایس ایم جی بھی چھینی گئی، اضافی نفری نے اہلکاروں کو بچایا، دہشتگردی کا مقدمہ درج، سرچ آپریشن شروع

اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک)اسلام آباد میں سرچ آپریشن کے دوران افغان باشندوں نے پولیس اہلکاروں پر حملہ کر دیا، افغانوں کی شدید مزاحمت اور تشدد سے 4 اہلکار زخمی ہوگئے ۔ پولیس کے مطابق سرائے خربوزہ میں افغان باشندوں کے خلاف سرچ آپریشن کے دوران مزاحمت اور پولیس اہلکاروں کو زخمی کرنے والے 23 افراد گرفتار کر لیا گیا۔ تھانہ گولڑہ میں اے ایس آئی کی مدعیت میں دہشتگردی کا مقدمہ رج کر لیا گیا، مقدمہ میں انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعہ 7 سمیت دیگر دفعات شامل ہیں۔ ایف آئی آر کے مطابق پولیس ٹیم سرچ آپریشن کے لیے کشمیر کالونی گئی، 5 افغان باشندے پاکستان میں رہائش کی دستاویز پیش نہ کرسکے ۔ افغان باشندوں کو تھانے لے جارہے تھے کہ 50،60 افراد نے دھاوا بول دیا، مبین نامی شخص نے ساتھیوں کی مدد سے ایک اہلکار اغوا کیا۔ ملزمان نے مغوی پولیس اہلکار کو ایک گھر میں بند کرکے آگ لگا دی، ملزمان نے پولیس اہلکاروں سے سرکاری ایس ایم جی بھی چھین لی، اضافی نفری نے موقع پر پہنچ کر پولیس اہلکاروں کو بچایا۔ سی ٹی ڈی نے مفرور ملزمان کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں