مری:لینڈ سلائیڈنگ سے دو مکان تباہ، سڑک مکمل بند
متاثرہ عمارتیں پہلے خالی کرا لی گئیں، مکین محفوظ جگہ منتقل، امدادی کارروائیاں شروع علاقہ سیل، حفاظتی اقدامات کے تحت قریبی عمارتیں خالی کرا لی گئیں:ضلعی حکام
مری، راولپنڈی (نمائندہ دنیا، نیوز رپورٹر ، دنیا نیوز) مری کے علاقہ دریا گلی میں حالیہ بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں دو مکان مکمل تباہ ہو گئے ، ضلعی حکام نے کہا متاثرہ عمارتیں پہلے ہی خالی کرا لی گئی تھیں اور مکینوں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا جس سے کسی قسم کا جانی نقصان نہیں ہوا۔ریسکیو 1122 اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے اور امدادی سرگرمیوں کا آغاز کر دیا۔ حکام نے بتایا لینڈ سلائیڈنگ سے سڑک کا ایک حصہ متاثر ہوا اور ٹریفک کی آمدورفت معطل ہو گئی۔ حفاظتی اقدامات کے تحت قریبی عمارتیں بھی خالی کرا لی گئیں، علاقہ مکمل سیل اور غیر متعلقہ افراد کے داخلے پر پابندی ہے ۔ اسسٹنٹ کمشنر ارشد اقبال نے متاثرہ علاقے کا دورہ کیا، انہوں نے نقصانات کا جائزہ لیا اور امدادی سرگرمیاں تیز کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے نکاسی آب کا نظام بہتر بنانے ، ملبہ فوری ہٹانے ، راستے بحال کرنے اور قریبی آبادی کے تحفظ کے لیے ہنگامی اقدامات کی ہدایت کی۔ اسسٹنٹ کمشنر نے لوگوں کے مسائل بھی سنے ۔ اے ڈی سی آر مری عمر اویس کیانی نے بھی متاثرہ علاقوں میں بنیادی سہولیات، رابطہ سڑکوں، رہائشی مکانات اور ممکنہ لینڈ سلائیڈنگ کے خطرات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ نقصانات کی فوری اور جامع رپورٹ مرتب، امدادی سرگرمیاں تیز کی جائیں۔ ادھر انتظامیہ کے جھیکاگلی ریلیف کیمپ میں مقیم متاثرہ افراد کو روزانہ ناشتہ، دوپہر اور رات کا کھاناباقاعدگی سے فراہم کیا جا رہا ہے ۔